Live Updates

قومی غیرت کا تقاضہ یہی ہے کہ اب ایٹم بم چل جانا چاہیے، برجیس طاہر

مودی کو سبق سکھانے کا وقت آگیا قوم سر پر کفن باندھے فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، سابق وفاقی وزیر

اتوار 27 اپریل 2025 17:05

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)سابق گورنر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان،مرکزی نائب صدر پاکستان مسلم لیگ(ن)چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ قومی غیرت کا تقاضا یہی ہے کہ بھارت کے جارحانہ عزائم کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے، مودی سرکار کی بڑھکیں اور گیدڑ بھبکیاں پاکستانی قوم کے غیر متزلزل عزم کے سامنے کوئی حیثیت نہیں رکھتیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم سر پر کفن باندھ کر اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملکی سلامتی و دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے خطے کا امن تہہ و بالا کرنے کی سازشیں ناکام ہوں گی۔پاکستانی عوام اور افواج پاکستان ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے یاد دلایا کہ نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستانی قوم کو سر اٹھا کر جینے کا سلیقہ سکھایا، اور دنیا بھر کو یہ واضح پیغام دیا کہ پاکستان ایک خوددار اور ناقابل تسخیر قوم ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی اسی عزم اور جذبے کے ساتھ پوری قوم متحد ہے۔ اور دشمن کو ہر محاذ پر شکست دینے کے لیے پرعزم ہے۔ برجیس طاہر نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی آزادی، خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ہر جارحیت کا دندان شکن جواب دے گی۔چوہدری برجیس طاہر نے واضح کیا کہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان کے شیر دل جوان اور غیرت مند عوام اپنی آزادی، خودمختاری اور وقار کی حفاظت کے لیے ہر حد تک جانے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت خطے کے امن کے ساتھ کھیلنے سے باز رہے ورنہ پاکستان کا ایک ایک سپوت دشمن کی جارحیت کو خاک میں ملا دے گا۔ پوری قوم کا ایک ہی نعرہ ہے،لبیک اے وطن۔وہ گزشتہ روز واڑہ ٹیرے،پنواں،لنگووال بڑوئے،علی اباد،چہورکوٹلی،بھلیرچک نمبر119سمیت حلقہ بھرکے ہنگامی دورہ کے بعدصحافیوں سے گفتگوکررہے تھے ۔اس موقع پرکوارڈینیٹر این اے 111 چوہدری محمدعاصم رندھاوا کوارڈینیٹر پی پی 132 چوہدری علی طارق چیمہ سمیت ورکروں کارکنوں کی بھاری تعداد موجود تھی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات