Live Updates

صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی ننکانہ صاحب آمد

گورنمنٹ بابا گرو نانک ہائی اسکول کی سو سالہ تقریبات میں خصوصی شرکت بھارت کی جانب سے پاکستان پر دہشتگردی کے الزام کی شدید الفاظ میں مذمت

اتوار 27 اپریل 2025 18:00

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے گورنمنٹ بابا گرو نانک ہائی سکول ننکانہ صاحب کے سو سال مکمل ہونے پر منعقدہ خصوصی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر اپنے خطاب میں سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اسکول کی صد سالہ تاریخ کو علم و روشنی کا روشن باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ گرو نانک ہائی اسکول صرف ایک تعلیمی ادارہ ہی نہیں، بلکہ بابا گرو نانک کی تعلیمات کا عملی مظہر ہے جو علم، برداشت، انسانیت اور رواداری پر زور دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی بنیاد ہے اور اس اسکول نے نسل در نسل طلبا کو علم، شعور اور کردار سازی کا تحفہ دیا ہے۔ تقریب کے دوران صوبائی وزیر نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی پاکستان دنیا کو امن، بھائی چارے اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے، بھارت ایسے موقعوں پر جھوٹے الزامات اور اوچھے ہتھکنڈوں سے پاکستان کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت پر خود عالمی سطح پر دہشتگردی میں ملوث ہونے کے سنگین الزامات لگ چکے ہیں۔ کینیڈا کے وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں بھارت پر اپنے ملک میں دہشتگردی کرانے کا الزام لگایا، امریکہ، قطر اور دیگر ممالک نے بھی ایسے ہی الزامات عائد کیے۔ جبکہ بھارت کے اندر سکھ، مسلمان اور مسیحی خود کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں، ایسے میں پاکستان پر الزامات لگانا عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔

صوبائی وزیر نے بابا گرو نانک دیو جی کی بین المذاہب ہم آہنگی، علم دوستی اور امن پر مبنی تعلیمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بابا جی کا پیغام آج بھی دنیا کیلئے رہنمائی کا چراغ ہے۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے سکول کی انتظامیہ، اساتذہ، اور طلبا کو مبارکباد دیتے ہوئے اس تاریخی سنگِ میل کو ایک فخر کا لمحہ قرار دیا اور حکومت پنجاب کی جانب سے اقلیتوں کی تعلیم و ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر، سی او ایجوکیشن شازیہ بانو، ضلعی افسران، اسکول کے سابق و حالیہ طلبا، اساتذہ، مقامی رہنماں، سکھ کمیونٹی اور دیگر مذاہب کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات