Live Updates

راولپنڈی، چکلالہ چھاؤنی میں یومیہ 10 لاکھ گیلن پانی ذخیرہ کرنے والے منصوبے تکمیل آخری مرحلہ

اتوار 27 اپریل 2025 18:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) راولپنڈی اور چکلالہ چھاؤنی کے شہریوں کے لیے خوشخبری، پانی کی بلا تعطل ترسیل کو یقینی بنانے کے لئے یومیہ 10 لاکھ گیلن پانی ذخیرہ کرنے والے جدید زیر زمین ٹینکس کی تعمیر حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہے۔ یہ منصوبے مقامی آبادیوں میں پانی کی کمی کے دیرینہ مسئلے کا دیرپا حل فراہم کریں گے، جس سے نہ صرف پانی کی سپلائی میں بہتری آئے گی بلکہ گرمیوں کے موسم میں پیدا ہونے والی قلت پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) راولپنڈی ڈویژن کے صدر اور این اے 55 سے رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد کی کوششوں سے وفاقی اور صوبائی حکومت سے ملنے والی گرانٹس کی بدولت ان منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اتوار کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے ملک ابرار احمد نے بتایا کہ راولپنڈی اور چکلالہ چھاؤنی کے علاقوں میں ہر سال گرمیوں کے آغاز پر پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑتا تھا، جس کی بڑی وجہ مقامی سطح پر پانی ذخیرہ کرنے کی سہولتوں کا فقدان تھا۔

(جاری ہے)

اسی مسئلے کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت سے حاصل ہونے والے فنڈز کو ترجیحی بنیادوں پر ان منصوبوں پر خرچ کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بروقت اور وافر مقدار میں پانی فراہم کیا جا سکے۔ملک ابرار احمد کے مطابق بھاٹہ چوک میں دو لاکھ گیلن اور گوالمنڈی میں ایک لاکھ گیلن پانی یومیہ ذخیرہ کرنے کے لیے زیر زمین ٹینکس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ نصیرآباد، برف خانہ چوک، غازی آبادی، افشاں کالونی، ٹنچ بھاٹہ، ٹاہلی موہری اور چکلالہ کینٹ کی وارڈ نمبر 7، 8، 9 اور 10 میں پچاس پچاس ہزار گیلن پانی یومیہ ذخیرہ کرنے کے منصوبے آئندہ ماہ مکمل ہو جائیں گے، جس کے بعد ان علاقوں میں پانی کی فراہمی 100 فیصد یقینی ہو جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں ملک ابرار احمد نے بتایا کہ پانی ذخیرہ کرنے کے بعض منصوبے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ جبکہ کچھ پر کینٹونمنٹ بورڈ کی ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں تاکہ انہیں جلد مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ساڑھے آٹھ کروڑ روپے کی لاگت سے علاقے میں پانی اور سیوریج کی نئی لائنیں بھی بچھائی جا رہی ہیں، جس سے نہ صرف پانی کی فراہمی بلکہ نکاسی آب کا نظام بھی بہتر ہوگا۔

ملک ابرار احمد نے اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کینٹ کی آبادیوں کے مسائل کو جس سنجیدگی اور دلچسپی سے وفاق اور صوبائی قیادت نے ترجیح دی ہے، اس پر ہم ان کے تہہ دل سے ممنون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی مسلم لیگ (ن) کی قیادت کینٹ کے عوام کو ساتھ لے کر چلے گی اور ان کے مسائل کے حل کے لئے ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کینٹ کے عوام ہمارے دلوں میں بستے ہیں اور ان کی خوشحالی ہی ہماری سیاست کا مرکز ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات