Live Updates

وزیراعظم شہباز شریف کی حسن خیل میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کی در اندازی ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی تحسین

اتوار 27 اپریل 2025 18:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں افغانستان سے فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کی در اندازی ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی تحسین کی ہے۔ اس آپریشن میں 54 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اتوار کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے اس کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے شاندار پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو بر وقت روکا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے،پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے اپنے عزم میں غیرمتزلزل ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ کامیاب کارروائیاں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات