Live Updates

پ*کٹاس راج مندر میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس کا کامیاب انعقاد

ھ* وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی کی شرکت ح*صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق رمیش سنگھ اروڑہ کی خصوصی شرکت

اتوار 27 اپریل 2025 18:45

Jلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2025ء) دو روزہ بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس کا انعقاد تاریخی مقام کٹاس راج مندر میں کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان میں مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی، رواداری اور امن کو فروغ دینا تھا۔ اس کانفرنس کا اہتمام غیر سرکاری تنظیم سالٹ (SALT) کے زیر اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے 130 سے زائد مندوبین نے شرکت کی، جن میں ہندو، سکھ، مسیحی اور دیگر اقلیتی برادریوں کے رہنما شامل تھے۔

کانفرنس میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی، وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر عطا الرحمن اور صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق رمیش سنگھ اروڑہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے اپنے خطاب میں صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان کے امن، ترقی اور استحکام کی بنیاد ہے۔

ہم سب پاکستانی ایک قوم ہیں، چاہے ہمارا مذہب یا عقیدہ کچھ بھی ہو۔ پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، تعلیم، روزگار اور عبادات کی آزادی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ہماری حکومت اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے تعلیمی وظائف، ترقیاتی منصوبے اور اقلیتوں کے مشاورتی کونسل جیسے ادارے تشکیل دے چکی ہے۔

صوبائی وزیر نے بھارتی حکومت کی حالیہ سازشوں بارے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں فرقہ واریت اور مذہبی انتشار پھیلانے کی کوششیں ناکام ہو گی کیونکہ پوری قوم اور تمام اقلیتیں پاک فوج اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی ہیں۔ ہم امن چاہتے ہیں، لیکن اپنی سرزمین کے دفاع سے کبھی غافل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج کٹاس راج جیسے مقدس مقام پر ہم سب کا اکٹھا ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں تمام مذاہب کو برابری اور عزت دی جاتی ہے۔

ہم رواداری، بھائی چارے اور بین المذاہب محبت کے پیغام کو پوری دنیا تک پہنچائیں گے۔''کانفرنس کے شرکاء نے اس اقدام کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ اس قسم کی کانفرنسز نہ صرف قومی یکجہتی کو فروغ دیتی ہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو بھی اجاگر کرتی ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات