جماعت اسلامی کی سندھ بھر میں نہروں کے خلاف وکلاء کے دھرنوں پر پولیس کی فائرنگ، توڑ پھوڑ اور تشدد پر حکومت کی مذمت

پولیس کے ہاتھوں وکلاء کے دھرنوں پر تشدد اور توڑ پھوڑ سے یہ بات واضح ہے کہ پیپلزپارٹی سندھ پر نہر بنانے والوں کے ساتھ گٹھ جوڑ اور سہولت کار ی کررہی ہے،کاشف سعید شیخ

اتوار 27 اپریل 2025 19:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے ملیر، مورو اور کندھ کوٹ سمیت سندھ بھر میں نہروں کے خلاف وکلاء کے دھرنوں پر پولیس کی فائرنگ، توڑ پھوڑ اور تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پیپلزپارٹی حکومت کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کے ہاتھوں وکلاء کے دھرنوں پر تشدد اور توڑ پھوڑ سے یہ بات واضح ہے کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت دریائے سندھ پر نئی نہریں بنانے والوں کے ساتھ گٹھ جوڑ اور سہولت کار بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کا دو ٹوک اور منافقانہ کردار اب سندھ کے عوام کے سامنے مکمل طور پر بے نقاب ہوچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں سندھ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دریائے سندھ یہاں کے لوگوں کی زندگی کا ذریعہ ہے اسلئے سندھ کے عوام اب سندھو دریاء پر مزید کوئی ڈیم اور نہر قبول نہیں کرے گا۔ جماعت اسلامی وکلاء برادری کے ساتھ ہے۔ انہوں نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ وہ وکلا کے پرامن احتجاج پر پولیس کی کارروائی کا نوٹس لے۔