Live Updates
سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد سے خوارجیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی ،54 کو جنم رسید کر دیا ‘ محسن نقوی
حکمت عملی کے تحت تین اطراف سے گھیر کر ہلاک کیا گیا ،انکے بیرونی آقا زور ڈال رہے تھے جلدپاکستان میں گھسیں ،دہشتگردی کی سرگرمی کریں
تمام افواج ، ایجنسیز ملک کیلئے ایک ایک سیکنڈ مانیٹر کر رہی ہیں ،کسی بھی قسم کا کوئی واقعہ ہوا تو بھارت کو پتہ چلے گا کس طرح جواب ملتا ہے ‘ پریس کانفرنس
اتوار 27 اپریل 2025
20:05
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے پاک افغان سرحد سے خوارجیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 54 خوارجیوں کو ہلاک کردیا،سکیورٹی فورسز کو بروقت اطلاع مل گئی تھی جس کے بعد حکمت عملی کے تحت انہیں تین اطراف سے گھیر کر ہلاک کیا گیا اوریہ اب تک جہنم رسید ہونے والے خوارجیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے،ہمارے پاس کچھ دن سے معلومات تھیں کہ ان کے بیرونی آقا ان پر زور ڈال رہے تھے کہ جلدازجلد پاکستان میں گھسیں اور وہاں کوئی دہشتگردی کی سرگرمی کریں ، انہی معلومات کی بنیاد پر سرحدوں پر نگرانی اور چیکنگ سخت کردی گئی تھی اور اسی دوران ان خوارجیوں کی نشاندہی ہوگئی، تمام افواج ، ایجنسیز اس وقت اپنے ملک کے لئے ایک ایک سیکنڈ مانیٹر کر رہی ہیں اور کسی بھی قسم کا کوئی واقعہ ہوا تو بھارت کو پتہ چلے گا کس طرح جواب ملتا ہے ۔
(جاری ہے)
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے لئے یہ اہم ترین دن ہے ،ہمارے پاس اطلاعات تھیں کہ 25،26 اپریل کی درمیانی رات کو خوراج کا بڑا لشکر حسن خیل شمالی وزیرستان سے داخل ہو رہا ہے ، انہیں ٹریپ کر کے آگے آنے دیا گیا ، جب یہ آ گئے ہیں تو ان کا تین طرف سے گھیرا ئوکر حملہ کیا گیا اور 54خوارج جہنم رسید کئے گئے ، جاری آپریشن کے دوران ایک ہی وقت میں جہنم رسید ہونے والے خوارج کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے ، ہمارے پاس کچھ د ن سے اطلاعات تھیں کہ خوارج کے بیرونی آقا انہیں کہہ رہے تھے کہ جلد از جلد پاکستان میں گھسیں اور کوئی دہشتگردی کی سر گرمی کریں ، یہ چیزیں بروقت ہمارے علم میں آ گئیںاور ہمارے دھیا ن میں تھا کہ یہ آئیں گے اور سر گرمی کریں گے،اس اطلاع کی بنیاد پر بارڈر پر بہت زیادہ سختی اور چیکنگ کر رہے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ ایک اور آئی ڈی پکڑی گئی ہے اور اب تعداد آٹھ ہو گئی ہے ، ان کی طرف سے جو بھی اقدام ہو رہا ہے پکڑا جارہا ہے ،فتہ خوارج کی یہ نقل و حرکت وہیںسے آر ہی تھیں،ہم نے مارے گئے خوارج کی تصاویر شیئر کر دی ہیں ، جس میں ان سب کی ڈیڈ باڈیز پڑی ہوئی ہیںان سے بڑی تعداد میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد ہوا ہے ، یہ بہت بڑا ثبوت ہے کہ کس طریقے سے دہشتگردی کی پشت پناہی کی جاتی ہے ،ان کو کہیں سے تو فنڈنگ کی جارہی ہے کوئی تو بھیج رہا ہے اس کا کوئی تو مقصد ہے اور سب کو پتہ ہے یہ کون کر رہا ہے ،اس واقعہ کے بعد اور زیادہ تصدیق ہو گئی ہے کہ پاکستان کن کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ سکیورٹی فورسز کو مبارکباد دینے کا دن ہے انہوںنے جس طریقے سے آپریشن کیا ،اس میں انٹیلی جنس ایجنسیز ، پیر املٹری اورملٹری فورسز سب کا کریڈٹ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ نیشنل سکیورٹی کونسل کی میٹنگ ہوئی تھی اس دن بھی یہ بڑی تفصیل سے بات ہوئی تھی کہ ہماری جو کامیابیاں ہیں ان کو کس طرح ڈی ریل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ،مغربی بارڈر پر توجہ مرکوز کر کے یہاں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ ان لوگوں کو ری گروپنگ کا موقع مل سکے اور یہ دوبارہ مضبوط ہو کر حملہ کر سکیں ، سب دیکھ رہے ہیں ان کے پائوں مسلسل اکھڑ رہے ہیں ، دو تین ہفتوں میں دیکھیں جو پکڑے جارہے ہیں مارے جارہے ہیں یہ بڑی تعداد ہے،یہ دوبارہ داخل ہونے کی کوشش کریںگے تو ہم انہیں پکڑیں گے انہیں ماریں گے ،یہ کسی طرف سے کسی طریقے سے آ کر دہشتگردی کی کوشش کریں ،وہ آئی ڈیز کی شکل میں ہو، خوارج کی شکل میں ہم ان کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تمام افواج ، ایجنسیز اس وقت اپنے ملک کے لئے ایک ایک سیکنڈ مانیٹر کر رہی ہیں اور کسی بھی قسم کا کوئی واقعہ ہوا تو بھارت کو پتہ چلے گا کس طرح جواب ملتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو خوارج آ رہے تھے ان سے جتنا دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد ہوا ہے وہ بالکل جنگ کر نے کے لئے آرہے تھے ،پوری تیاری کے ساتھ آرہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جو پاکستان کے خلاف سازش کر رہے ہیں ، جاسوسی کر رہے ہیںان کے لئے بھی معافی کوئی نہیں ، ان کے لئے آئین میں بھی درج ہے ، اسلام میں ہے ان کے لئے معافی نہیںسب کا بندوبست کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے حوالے سے جو بھی ثبوت سامنے آرہے ہیں ہم دنیا کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں ، ہم دنیا کو بتا رہے ہیں کہ بھارت کس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، ہم نے سب معلومات دنیا کے ساتھ شیئر کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب کے لئے واضح پیغام جو پاکستان کے خلاف خلاف ہتھیار اٹھائے گئے ،ہماری سکیورٹی فورسز ،پولیس یا عوام پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں یا سوچ رہے ہیں ان کا انجام یہی ہے ۔
دنیا بھی اس کو دیکھیں یہ دہشتگردی کون کروا رہا ہے ،ان کی پشت پناہی کون کر رہے ہیں جنہیں جلدی میں بھیجا گیا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کچھ بھی کیا اس کا جواب ملے گا ۔ پاکستان واضح کہہ چکا ہے ہم ہم شفاف اورغیر جانبدار انکوائری کے لئے تیار ہیں اور بھرپور تعاون کریں گے ، ہم صرف غیر جانبدار انکوائری کو مانیں گے کیونکہ بھارت پر اعتبار نہیں ہے ۔
پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات