ح* آج امتِ مسلمہ ایک کڑے امتحان اور کٹھن دوراہے پر کھڑی ہے،صوبائی امیر

اتوار 27 اپریل 2025 22:30

1کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2025ء)صوبائی امیر جمعیت علما اسلام بلوچستان سینیٹر مولانا عبدالواسع، جنرل سیکرٹری مولانا آغا محمود شاہ، سرپرستِ اعلی مولانا حافظ محمد یوسف، مولانا نذیر محمد حقانی، نائب امرا مولانا سرور ندیم، مولانا کمال الدین، صوبائی ترجمان دلاور خان کاکڑ، حاجی منظور مینگل ، حاجی غوث اللہ اور دیگر اراکینِ مجلسِ عاملہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آج امتِ مسلمہ ایک کڑے امتحان اور کٹھن دوراہے پر کھڑی ہے۔

اگر اب بھی ہمارے دلوں کے نہاں خانوں میں غیرتِ ایمانی کی کوئی رمق باقی نہ رہی اور ہماری روحیں صدائے حق کے لیے بیدار نہ ہوئیں، تو ہم صرف نام کے مسلمان کہلانے کے حق دار ہوں گے۔دشمنانِ دین صف آرا ہوچکے ہیں، کفری قوتیں متحد ہو کر معصوم فلسطینیوں پر قہر ڈھا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

معصوم بچوں، بے گناہ عورتوں اور نہتے مردوں کا خون پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے، اور افسوس کہ امتِ مسلمہ خوابِ غفلت میں پڑی ہے۔

ایسے نازک حالات میں جبکہ ظالم قوتیں "گریٹر اسرائیل" کے ناپاک منصوبے پر عمل پیرا ہیں، جمعیت علما اسلام میدانِ عمل میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ اسرائیل کی سفاکیت اور درندگی کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے اور ظلم کی چکی میں پسنے والے فلسطینی بھائیوں کی آہ و فغاں کو عالمی ضمیر تک پہنچایا جائے۔

اس موقع پر بیان میں کہا گیا کہ ایک طرف کفری میڈیا مسلمانوں کے زخموں پر نمک چھڑک رہا ہے، دوسری طرف امریکی وزیر خارجہ کا دور فلسطین محض دکھاوا تھا؛ جب اس نے خود اقرار کیا کہ "میں بطور ایک یہودی آیا ہوں"، تو ہمارے قائد نے جرات و استقامت کے ساتھ وطنِ عزیز کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ اعلان کیا کہ:"جب تم بحیثیتِ یہودی اسرائیل کی حمایت پر آئے ہو، تو ہم بحیثیت مسلمان مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اپنی بے لوث یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں گے۔

"آج فلسطین میں جو ظلم و بربریت برپا ہے، انسانی تاریخ اس کی نظیر پیش کرنے سے قاصر ہے۔ خون کی ندیاں بہائی جا رہی ہیں، انسانیت دم توڑ رہی ہے، اور اقوامِ عالم خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔الحمدللہ، جمعیت علما اسلام نے طے کر لیا ہے کہ پندرہ مئی کو سرزمین بلوچستان پر لاکھوں غیرتمند مسلمانوں کا جمِ غفیر اکٹھا کرکے پوری دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ:"بلوچستان فلسطین کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے۔

یہاں کے غیرت مند مسلمان فلسطینی عوام کی آواز بن کر گونج اٹھیں گے۔"بیان میں مزید کہا گیا کہ جمعیت علما اسلام کے تمام اضلاع میں بھرپور تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ ہر ضلع کی جماعت عوام میں گھر گھر جا کر بیداری کی مہم چلا رہی ہے۔ قافلے تیار ہورہے ہیں اور کاروانِ حریت عظیم الشان ملین مارچ میں شریک ہوں گے۔صوبائی جماعت نے تمام اضلاع کو تاکیدی ہدایت جاری کی ہے کہ:"غفلت اور کوتاہی کی رتی برابر گنجائش نہیں۔ کمر کس لیں، اور ملین مارچ کی تیاریوں کو مزید تیز کریں تاکہ وقت کا تقاضا پورا ہو اور حق کی صدا مظلوموں کے کانوں تک پہنچے۔کیونکہ جو وقت پر نہ جاگے، وہ پچھتانے کے سوا کچھ نہ کر سکے گا۔اب بھی وقت ہے، حق کا علم بلند کریں، ورنہ تاریخ ہمیں معاف نہ کرے گی۔