Live Updates

ہندوستانی اقدامات نے دُنیا کو تیسری جنگ عظیم کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے،خانزادہ امجد محمود خان

بلوچستان ، کے پی کے اور پاکستان کے دیگر علاقوں میں ہندوستانی مداخلت کے واضح ثبوت ہم دُنیا کو فراہم کر چُکے ہیں مگر دُنیا خاموش ہے

پیر 28 اپریل 2025 16:11

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)ہندوستانی اقدامات نے دُنیا کو تیسری جنگ عظیم کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے ۔ ہم جنگ کے خواہشمند نہیں مگر پانی زندگی ہے اور زندگی کے لیئے لڑنا ہر انسان کا پیدائشی حق ہے۔پاکستان 1947ء سے آج تک ہندوستان کی طرف سے مسلط کردہ جنگ لڑ رہاہے۔ ہندوستانی سازشوں نے مشرقی پاکستان کو ہم سے جُدا کیا اور اب بلوچستان ، کے پی کے اور پاکستان کے دیگر علاقوں میں ہندوستانی مداخلت کے واضح ثبوت ہم دُنیا کو فراہم کر چُکے ہیں مگر دُنیا خاموش ہے۔

سندھ طاس معاہدہ کی معطلی پاکستان کے لیئے زندگی اور موت کا معاملہ ہے۔ اس مسئلے پر مسلط کی جانے والی جنگ کے خلاف مکمل تیار ہیں اور اب یہ جنگ ہندوستانی سرزمین پر لڑی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار خانزادہ امجد محمود خان مرکزی ترجمان گزیٹڈ آفیسر ایسو سی ایشن آزادکشمیر نے اپنے خصوصی بیان میں کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ بطور ذمہ دار نیوکلیئر مُلک پاکستان اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے مگر مسلط کی جانے والی جنگ میں خاموش تماشائی نہیں بنا جا سکتا۔

ہم اسرائیل بھارت گٹھ جوڑ پر نظر رکھے ہوئے ہیں، کشمیر سمیت ہندوستانی مسلمانوں کو اسرائیلی طرز کے اقدامات سے مٹانے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے مگر وہ یہ مت بُھولے کہ یہ خطہ کروڑوں مسلمانوں کا مسکن ہے اُنہیں مٹانا ناممکن ہے، ہم خُون کے آخری قطرے تک اپنی افواج کے ہمراہ مقابلہ کریں گے۔ اس کے لیئے ہمارا بچہ بچہ تیار ہے۔ مودی تُم جنگ کبھی نہیں جیت سکتے۔

وقت آ گیا ہے کہ برصغیر کی ناانصافی پہ مبنی تقسیم سے انکار کیا جائے۔ جُونا گڑھ، حیدرآباد سمیت تمام معاملات ایک مرتبہ سامنے لا کر اپنا حق وصول کیا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ آزا د کشمیر کا ہر باسی جنگ سے دامن نہیں چھڑانا چاہتا بلکہ ہم ایک لمبی جنگ کے خواہاں ہیں تاکہ ہندوستان کی مظلوم قومیتوں کو بھی اُن کا حق ملے۔اگر پاکستان سے بنگلہ دیش بنایا جا سکتا ہے تو پھربھارت سے خالصتان کیوں نہیں، گورکھا لینڈ ، منی پورسمیت سات ریاستیں کیوں آزاد نہیں ہو سکتیں۔

ہندوستان نے جو ظُلم و ستم سکھوں ، دلتوں، عیسائیوں کے ساتھ کیئے اور جاری رکھے ہوئے ہیںاس کے بعدہندوستان کا بحیثیت ایک مُلک قائم رہنا ناممکن ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے جُملہ آفیسر اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں۔ جنگ کی صورت میں ہم اپنی افواج کے ہمراہ صف اول میں ہیںاس کے لیئے ہمیں کسی بھی چیز کی کئی پرواہ نہیں اور نہ ہم موت سے ڈرتے ہیں۔ غیر ت ہماراایمان، شہادت ہماری آرزو اور ہندوستان کو مسلط کردہ جنگ کا مزہ چکھانا ہمار ا مقصد۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات