محکمہ ماحولیات سندھ میں بڑی پیشرفت،سیکریٹری آغا شہنواز کی سربراہی میں انقلابی فیصلے

وقار حسین پھلپوٹو قائم مقام ڈی جی سیپا مقرر، فضائی آلودگی، صنعتی فضلے، اور ماحولیاتی قوانین پر جامع رپورٹ طلب

پیر 28 اپریل 2025 17:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی سندھ میں بڑی پیش رفت۔ سیکریٹری آغا شہنواز خان کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس میں محکمے کی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں، ماحولیاتی تحفظ اور انتظامی امور پر اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں اسپیشل سیکریٹری آیان بھٹو، ایڈیشنل ڈی جی وقار حسین پھلپوٹو، ڈائریکٹر ایڈمن سیپا عاشق علی لانگا، ڈائریکٹر نیچرل ریسورسز محمد عمران صابر سمیت اعلی افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے آغاز پر سیکریٹری آغا شہنواز خان نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنا اولین ترجیح ہے۔آنے والی نسلوں کے لیے شفاف فضا، محفوظ ساحل اور سرسبز سندھ ہمارا خواب ہے۔ماحول کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ سماجی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

ذاتی طور پر محکمے کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کر رہا ہوں تاکہ عوام تک حقیقی تبدیلی پہنچائی جا سکے۔اجلاس کے دوران سیکریٹری ماحولیات نے ترقیاتی عملے کی پروموشن میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔

سینیارٹی لسٹ اور ٹائم اسکیل کے معاملات فوری طور پر قانونی دائرے میں نمٹانے کی ہدایت کی۔ڈائریکٹر ایڈمن عاشق علی لانگا کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔سیکریٹری آغا شہنواز خان نیایڈیشنل ڈی جی وقار حسین پھلپوٹو کو قائم مقام ڈی جی سیپا مقرر کر دیا۔انسداد بدعنوانی کیس پر شفاف اور فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔سالانہ آڈٹ اور ڈی اے سی کیسز جلد نمٹانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

ترقیاتی منصوبوں کے اخراجات کی مکمل رپورٹ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سے طلب کرلی گئی۔ محکمے کی شاندار کارکردگی کا اعتراف کیا گیا کہ بجٹ کمی کے باوجود سیپا میں تمام امور شفاف انداز میں چلانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔وزیراعلی سندھ اور چیف سیکریٹری سندھ کی ہدایات پر سو فیصد عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی گئی۔عدالتوں کے احکامات پر فوری عملدرآمد کرنے اور تمام زیر التوا کیسز کی تفصیلات مرتب کرنے کی ہدایت دی گئی۔

محکمے میں کوئی ڈسپلنری کیس زیر التوا نہ ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔اقلیتی کوٹے اور معذور افراد کے کوٹے پر بھرتیوں میں سستی اور غفلت پر شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے تمام خالی اسامیوں کا ریکارڈ فوری طور پر مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔وزیراعظم سٹیزن پورٹل پر کوئی شکایت نہ ہونے کو محکمے کی کارکردگی اور محنت کا ثمر قرار دیا گیا۔ سیکریٹری ماحولیات نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی متوقع رپورٹ کے پیش نظر بچوں اور بزرگوں پر ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے متعلق جامع رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

فضائی آلودگی، صنعتی فضلے کی سیمپلنگ، بسوں کی چیکنگ اور ماحولیاتی قوانین میں ترامیم سے متعلق بھی تفصیلی رپورٹس طلب کرلی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر سیکریٹری آغا شہنواز خان نے پرعزم انداز میں کہا کہ ماحولیاتی جنگ جیتنے کے لیے ہم ہر سطح پر عملی اقدامات تیز کر چکے ہیں۔ صرف نتیجہ دینا ہے۔سندھ میں سبز انقلاب کی بنیاد رکھ دی گئی ہے ماحولیاتی چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔