گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مظاہرین کی رکاوٹیں توڑکروزیراعلیٰ ہائوس کی جانب ریلی نکالنے کی کوشش ،پولیس سے ہاتھا پائی

پیر 28 اپریل 2025 20:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)مطالبات کے حق میں دھرنے پر بیٹھے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مظاہرین کی رکاوٹیں توڑ کر وزیر اعلیٰ ہائوس کی جانب ریلی نکالنے کی کوشش میں پولیس سے ہاتھا پائی ہو گئی ، پولیس نے متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا ،کئی مظاہرین رکاوٹیں عبور کرکے آٹھ کلب چوک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ، گرینڈ ہیلتھ الائنس کے عہدیداروں نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے مرد و خواتین مظاہر ین پر بد ترین تشدد کیا ، گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ریلی کی وجہ سے مال روڈ سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک گھنٹوں جام رہی ۔

تفصیلات کے مطابق گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مظاہرین کی جانب سے پیر کے روز وزیر اعلیٰ ہائوس کی طرف ریلی کے اعلان کے پیش نظر رکاوٹیں کھڑی کر کے پولیس کی بھاری نفری کو مال روڈ پر تعینات کیا گیا ۔

(جاری ہے)

مظاہرین الحمرا کے قریب پہنچے تو پولیس نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا ، مظاہرین نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے رکاوٹیں ہٹا لیں ، اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی جس کے بعد پولیس نے متعدد مظاہرین کو گرفتار کر کے پولیس وینز میں بٹھا لیا، رکاوٹیں گرنے سے خواتین سمیت کئی مظاہرین زخمی بھی ہوئے ، خواتین مظاہرین اپنے ساتھیوں کو پولیس سے چھڑانے کے لئے مزاحمت بھی کرتی رہیں تاہم پولیس نے گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رکھا ۔

اس دوران کئی مظاہرین پولیس رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے آٹھ کلب چوک میں پہنچنے میں کامیاب ہو گئے اور مرکزی دروازے کو حصار میں لے کر شدید نعرے بازی کی ۔پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہاتھا پائی کی وجہ سے مال روڈ میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا ۔ پولیس کے مطابق مظاہرین نے قیدیوں کی وین کے شیشے بھی توڑ دئیے ۔گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ریلی اور احتجاج کی وجہ سے مال روڈ سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا شدید دبائو رہا اور ٹریفک گھنٹوں جام رہی ، شدید گرمی میں پھنسے شہری مظاہرین اور حکومت کو کوستے رہے ۔

دوسری جانب لاہور کے سرکاری ہسپتالوں کے آئوٹ ڈورز میں نویں روز بھی ہڑتال کی گئی جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس حوالے سے وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کا دھرنا بلا جواز ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق 2500 بنیادی مراکز صحت اور 300 دیہی مراکز صحت کے حالات بہتر کر رہے ہیں۔

ریفارمز کے بعد بڑے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا دباؤ کم ہوگا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ کسی سرکاری ہسپتال کو پرائیوٹائز نہیں کرنے جا رہے۔ ٹیچنگ ہسپتالوں کے او پی ڈی کی بندش کسی صورت قبول نہیں ہے۔مریضوں کے علاج و معالجہ میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ تمام وائس چانسلر، پرنسپلز اور ایم ایس حضرات سے مل کر جامع لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے۔