Live Updates

مسلح افواج سے منتخب ہونے والے افسران کاحیدرآباد ڈویژنل سیکرٹریٹ کا مطالعاتی دورہ

پیر 28 اپریل 2025 23:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) پاکستان ایڈمنسٹریٹو ، پولیس اور فارن سروس میں مسلح افواج سے منتخب ہونے والے افسران نےسول اٹیچمنٹ سرگرمیوں کے سلسلے میں حیدرآباد ڈویژنل سیکرٹریٹ کا مطالعاتی دورہ کیا۔ سی ایس ایس کے مطالعاتی دورے پر آنے والے افسران نے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن اور ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو سے شہباز ہال شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں ملاقات کی اور ڈویژن کے مختلف انتظامی اور دیگر امورکے متعلق معلومات حاصل کی۔

ڈویژنل کمشنر بلال احمد میمن نے افسران کو حیدرآباد ڈویژن کے انتظامی ڈھانچے، منصوبوں، سکیورٹی ، سال 2022 کی بارشوں اور سیلاب کے دوران ڈویژن کے اضلاع میں پیش آنے والے چیلنجز سے نمٹنے کے اقدامات جیساکہ ریسکیو، ریلیف فراہم کرنے سے متعلق آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

کمشنر حیدرآباد نے صحت ، سماجی بہبود اور تعلیم کے علاوہ انتظامی اداروں اور شعبوں کے متعلق بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پرڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن، ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ اور ضلع حیدرآباد کے اسسٹنٹ کمشنرز بھی موجود تھے۔ ڈویژنل کمشنر بلال احمد میمن نے کہا کہ اچھا افسر اور لیڈر وہی ہوتا ہے جو اپنے کام سے مخلص اور سنجیدہ رہے ، مشکلات سے نمٹنے کا حل تلاش کرے ۔ کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ وہ اختیارات کے درست استعمال اوربروقت فیصلے کرنے کی صلاحیت پیدا کریں ۔

کمشنر حیدرآباد نے رہائشی علاقوں کے مسائل کے حل کے متعلق تفصیل سے بتایا اور تجاوزات، سندھ کے رہائشی علاقوں اور بالخصوص آٹو بھان روڈ جیسے اہم علاقوں کو غیر قانونی طور پر کمرشل کرنے کے رجحان کے خلاف کاروائی کے فیصلے کے متعلق بھی بتایا ۔ بعد ازاں ڈویژنل کمشنر اور ڈی آئی جی نے اپنے عملی تجربات، مطالعاتی دورے پر آنے والے نئے افسران کے ساتھ شیئر کیے اور انہیں قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنے کی تلقین کی۔

نئے افسران نے حیدرآباد کے دورے کو مفید قرار دیتے ہوئے اپنے پیشہ ورانہ سفر میں رہنمائی کے لیے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن اور ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو سے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا۔آخر میں مہمان افسران کو سندھ کی ثقافت کی نمائندگی کرتے ہوئے اجرک، سندھی ٹوپی اور شیلڈز کے تحفہ پیش کیے گئے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات