Live Updates

رائے ونڈکے وسائل کو جس طرح بے دردی کیساتھ لوٹا گیا ہے تاریخ میں اسکی مثال نہیں ملتی‘احمر رشید بھٹی

واٹر سپلائی ،سیوریج سسٹم منصوبہ بنایا گیا تھا جو کرپشن کی نذر ہوا ،آج پھر دوبارہ پرانے شکاری نیا جال لیکر میدان میں آئے ہیں

منگل 29 اپریل 2025 14:14

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)تحریک انصاف کے رہنما و رکن پنجاب اسمبلی احمر رشید بھٹی نے کہا ہے کہ رائے ونڈکے وسائل کو جس طرح بے دردی کیساتھ لوٹا گیا ہے تاریخ میں اسکی مثال نہیں ملتی ،(ن) لیگ کے دور حکومت میں ہی واٹر سپلائی اور سیوریج سسٹم منصوبہ بنایا گیا تھا جو کرپشن کی نذر ہوگیا تھا ،آج پھر دوبارہ پرانے شکاری نیا جال لیکر میدان میں آئے ہیں ،رائے ونڈ شہر کی عوام اب سمجھدار ہو گئے ہیں انہیں پانی سے محروم رکھنے والے اور شہر کو کربلا بنانے والوں کے چہرے اچھی طر ح یاد ہیں۔

انہوںنے اپنے بیان یں کہا کہ کمیشن مافیا صرف اپنی بوٹی کی خاطر ملک و قوم کا بکرا ذبح کرنے پر تلا ہوا ہے ،سیوریج کے بڑے پائپ نکال کر چھوٹے پائپ ڈلوانے والے آج کس منہ سے شہر کی ترقی کے دعوے کررہے ہیں ،حکومتی وسائل کو پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹیز پر خرچ کیا گیا ،بھاری کمیشن کھایا گیا آج پھر دوبارہ وہی تاریخ دوہرانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

احمر رشید بھٹی نے کہا کہ شہر میں سڑکوں کا جال تحریک انصاف کے دور حکومت میں وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے بچھایا تھا ،رائے ونڈ کے عوام کو پینے کا صاف پانی اور سیوریج سسٹم سمیت دیگر منصوبہ جات پرویز الٰہی حکومت کا کارنامہ ہے جس کا کریڈٹ آج (ن) لیگی لے رہے ہیں ،شہر کے وسائل کو بے دردی کیساتھ لوٹنے والوں پر عوام نے عدم اعتماد کردیا ہے جسکی زندہ مثال (ن) لیگ کا رائے ونڈ جلسہ ہے سرکاری مشینری ،وسائل کے باجود عوام نے شرکت نہیں کی ۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں کومختلف حیلوں بہانوں سے بلیک میل کرکے جلسہ کروانے احمقوں کی جنت میں بستے ہیں،رائے ونڈ کے شہریوں کے دلوں سے عمران خان کی محبت کو کوئی بھی نہیں نکال سکتا ۔ احمر رشید بھٹی نے مزید کہا کہ رائے ونڈ کی عوام نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کرکے کامیابی سے نوازا ہے میں آج اسمبلی میں رائے ونڈ کی آواز اور رائے ونڈ کا سفیر بن کر ترجمانی کررہا ہوں ،شہر کو مسائل کی آما جگا ہ بنانے والے عوام کو کس طرح بے وقوف بنا سکتے ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات