Live Updates

شہبازشریف کابینہ نے گھٹنے ٹیک دیئے، بھارت کو للکارنے کی سکت صرف عمران خان میں ہے، عمرایوب

بھارت مسلسل حملے کی دھمکیاں دے رہا ہے مگر حکومتی رویہ مایوس کن اور کمزوری کا عکاس ہے، حکومت دوستی کی پینگیں بڑھا رہی اور تحقیقاتی تعاون کی پیشکشیں کر رہی ہے؛ اپوزیشن لیڈر کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 اپریل 2025 16:51

شہبازشریف کابینہ نے گھٹنے ٹیک دیئے، بھارت کو للکارنے کی سکت صرف عمران ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ بھارت کو للکارنے کی سکت صرف عمران خان میں ہے جنہیں اسٹیبلشمنٹ اور کٹھ پتلیوں نے جیل میں رکھا ہوا ہے، میں کئی دنوں سے کہہ رہا ہوں کہ ہندوستان سٹرائک کرنے والا ہے اور یہ دوستیوں کی پینگیں بڑھا رہے ہیں، شہباز شریف کابینہ نے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے بھارت کے سامنے عملاً سرنڈر کر دیا ہے، وزیر اعظم سمیت کابینہ میں بھارت کو جواب دینے کی سکت نہیں، صرف بانی پی ٹی آئی عمران خان ہی ایسے وقت میں دشمن کو مؤثر اور دوٹوک جواب دے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

عمر ایوب کہتے ہیں کہ بھارت مسلسل حملے کی دھمکیاں دے رہا ہے مگر حکومتی رویہ مایوس کن اور کمزوری کا عکاس ہے، وزیراعظم نے کاکول میں تقریر کے دوران ملک پر ضرب لگائی، انہوں نے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں، بھارت کو للکارنے کی سکت صرف عمران خان میں ہے، حکومت اس کے برعکس دوستی کی پینگیں بڑھا رہی ہے اور تحقیقاتی تعاون کی پیشکشیں کر رہی ہے، حالاں کہ پہلگام حملہ بھارت کی اپنی ناکامی ہے، پاکستان کا اس سے کوئی تعلق نہیں، ہمیں واضح اور فیصلہ کن پیغام دینا چاہیئے تھا کہ جہاں سے حملہ آیا وہاں دشمن کو تباہ کر دیں گے۔

علاوہ ازیں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں اپنے لیڈر سے مشاورت کرنے سے روکا جارہا ہے، عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، عدالت نے واضح احکامات جاری کیے تھے کہ فیملی او ر وکلاء کی عمران خان سے ملاقاتیں کرائیں لیکن اس کے باوجود ملاقات نہیں ہونے دی جا رہی، حکومت کی کوشش ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کو روکا جائے، اسی لیے حکومت جان بوجھ کر عمران خان سے ملاقاتوں میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات