Live Updates

کراچی بھر کے بلدیاتی ملازمین،پینشنرز مطالبات کے حق میں( کل) کے ایم سی ہیڈ آفس کی بلڈنگ کے گرد چکر لگاکر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے

منگل 29 اپریل 2025 23:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء) میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کے قائدین سید ذوالفقارشاہ، گل اسلام، حبیب الرحمن ،جاوید بلوچ، ملک امیر اعظم،الیاس سندھو، راجہ عاصم شہزاد، عمران علی، الیاس خان جدون، عبید علی، ہارون حسن اور دیگر نے کہا ہے کہ عالمی یوم مزدور ایک جانب تجدیدعہد کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے کہ شگاگو کے محنت کشوں کی قربانیوں کے نتیجے میں حاصل مراعات کو جاری وساری رکھا جائے گا اور مزدوروں کی عزت نفس کو برقرار رکھتے ہوئے ایک دوسرے کا احترام کیا جائے گا۔

لیکن موجودہ حکومت پاکستان مزدوروں و ملازمین سے انکے جینے کا حق بھی چھین رہی ہے۔ قانونی حاصل مراعات کو بتدریج کم سے کم کیا جارہا ہے۔ فوتگی کوٹہ ختم کردیا گیا۔

(جاری ہے)

پینشن اصلاحات نافذ کی جارہی ہیں۔سرکاری ملازمین پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے۔اس وقت محنت کشوں کو جتنی اتحاد ویکجہتی کی آج ضرورت ہے ماضی میں نہیں تھی۔ یہی وجہ ہے کہ بلدیاتی اداروں کا کراچی کی سطح پر قائم میونسپل ورکرز ٹریڈیونینز الائنس بلدیاتی ملازمین کے حقوق ومراعات دلوانے کے لیے کوشاں ہے۔

الائنس کی قیادت نے اس سال یوم مزدور کے ایم سی ٹی ایم سیز کے ملازمین، پینشنرز اور ریٹائر ملازمین کے نام کرتے ہوئے بروز بدھ 30 اپریل صبح گیارہ بجے کو کے ایم سی ہیڈ آفس پرمطالبات کے حق میں احتجاج کرکے منانے کا اعلان کیاہے۔ اس موقع پر پرامن طور پر مطالبات کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے کے ایم سی ہیڈ آفس کے چاروں اطراف چکر لگا کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔ جس سے قائدین مختصراً خطاب کریں گے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات