Live Updates

وطنِ عزیز پاکستان سنگین داخلی و خارجی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے،پیر ارشدکاظمی

منگل 29 اپریل 2025 23:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)تحریکِ اہلِ سنت پاکستان کے مرکزی رہنما اور صوبائی چیئرمین رابطہ کمیٹی پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے اپنے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ وطنِ عزیز پاکستان اس وقت سنگین داخلی و خارجی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے جن کا مقابلہ قومی یکجہتی، فکری بیداری، اور ایمانی جرأت سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف ایک جغرافیائی ریاست ہے بلکہ ایک نظریاتی قلعہ ہے جس کی بنیاد کلمہ طیبہ پر رکھی گئی اور یہی وجہ ہے کہ اسلام دشمن قوتیں بالخصوص بھارت کی انتہا پسند ہندو تنظیمیں جیسے آر ایس ایس اور عالمی سطح پر بعض ذرائع ابلاغ اور خفیہ ادارے پاکستان کے وجود، افواج اور عوام کے درمیان دراڑیں پیدا کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دشمن کی ان گھناؤنی سازشوں کو سمجھنا اور ان کا منہ توڑ جواب دینا ہر محب وطن پاکستانی، بالخصوص دینی و روحانی طبقات کی ذمہ داری ہے کیونکہ یہ محض سرحدوں کی جنگ نہیں بلکہ ایمان، عقیدے اور تشخص کی جنگ ہے۔پیر سید ارشد علی شاہ نے کہا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی ادارے وطن کی حفاظت کے لیے جو عظیم قربانیاں دے رہے ہیں وہ قوم کے لیے سرمایہ افتخار ہیں، ان کے خلاف منفی پروپیگنڈا دراصل پاکستان کے خلاف جنگ کا ایک ہتھیار ہے جسے پوری قوم کو یک زبان ہو کر مسترد کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں یہ سمجھ بیٹھی ہیں کہ وہ پاکستان میں افراتفری، بے یقینی، اور معاشرتی انتشار پھیلا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کر لیں گی مگر وہ یہ بھول گئے ہیں کہ پاکستان کے عوام، علماء، مشائخ، اور نوجوان طبقہ بیدار ہے اور کسی بھی قسم کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گا۔انہوں نے کہا کہ تحریکِ اہلِ سنت پاکستان ایک نظریاتی و روحانی تحریک ہے جو پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے اور ہمیشہ ملک کی سالمیت، خودمختاری اور اسلامی تشخص کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے بالخصوص آستانہ عالیہ محدث اعظم پاکستان کے تمام وابستگان، مشائخ عظام، علمائے کرام اور مریدین کو پیغام دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں عوام الناس کو حالات کی سنگینی سے آگاہ کریں، اتحاد، اتفاق اور حب الوطنی کا پیغام عام کریں اور نوجوان نسل کو دشمن کے فکری حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے منظم کردار ادا کریں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر دشمن نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا یا کسی قسم کی مہم جوئی کی کوشش کی تو پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوگی اور پاکستان کی طرف بڑھنے والا ہر قدم نیست و نابود کر دیا جائے گا۔

انہوں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ دشمن قوتوں، خصوصاً بھارت اور اسرائیل کے اشتعال انگیز بیانات اور خفیہ جارحانہ عزائم پر سخت موقف اپنایا جائے اور ہر سطح پر پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ دشمن کو یہ پیغام جائے کہ پاکستان نہ صرف ایٹمی طاقت ہے بلکہ ایک زندہ، باشعور، اور متحد قوم کا نام ہے جسے شکست دینا ممکن نہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات