Live Updates

ایف پی سی سی آئی کی طرف سے مالیاتی اور بینکنگ مسائل کو حل کرنے کے لیے مشترکہ سرمایہ کار کمپنی کی تجویز

منگل 29 اپریل 2025 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کی سینئر قیادت نے حکومت Eruzurum ، ترکیہ کے زیر اہتمام پہلے Palandoken اکنامک فورم میں ''ترکیہ کے سرمایہ کاری افق'' کے موضوع پر ایک سیشن میں پاکستان اور ترکیہ کے اقتصادی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا ۔اس فورم کو تر کیہ کے یونین آف چیمبرز اینڈ کماڈیٹی ایکسچینجز(TOBB) کی سپورٹ حاصل تھی۔

فورم کی تھیم ''ایک سمارٹ ورلڈ میں مساوی مستقبل: ذہین اقتصادی اور عالمی عدم مساوات'' تھی۔ تقریب میں ترکیہ، امریکہ، ایران، آذربائیجان، مصر، چین، انڈونیشیا، ازبکستان، تاجکستان، ترک قبرص، قازقستان، ترکمانستان اور دیگر ممالک کے ممتاز کاروباری رہنماؤں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایف پی سی سی آئی کی قیادت نے اقتصادی تعاون تنظیم (ECO)، ڈیولپنگ ایٹ (D-8)، ایشیا پیسیفک اور اسلامی ممالک کی تنظیم (OIC) جیسی اہم اور کثیر الجہتی تنظیموں میں اپنی رکنیت کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط دو طرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ پاکستان میں سب سے بڑے سرمایہ کاروں میں سے ایک ہی؛ جس کے مختلف شعبہ جات میں قابل ذکر منصوبے کام کر رہے ہیں۔ایف پی سی سی آئی کے رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ ترکیہ کے پاس جدید ٹیکنالوجی اور پاکستان کے پاس خام مال اور ہنر مند انسانی سرمایہ کے ساتھ دونوں ممالک کے تعاون کے بے پناہ فوائد ہیں۔ انہوں نے تجارت، بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے کی تجویز پیش کی ؛جس سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچ سکتا ہے اور ان کے اقتصادی تعلقات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ایف پی سی سی آئی نے تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کو بھی اجاگر کیا۔ایف پی سی سی آئی نے یہ بھی نوٹ کیا کہ TIR کنونشن کے تحت پاکستان کی بذریعہ سڑک اور ریل نقل و حمل نے ٹرانسپورٹیشن کے وقت اور لاگت کو کم کیا ہی؛ لیکن متعلقہ بینکوں کی جانب سے تعاون کی کمی کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے۔ ایف پی سی سی آئی نے مالیاتی اور بینکنگ سے متعلق مسائل کو حل کرنے، مشترکہ سرمایہ کاری کے لیے روابط اور تعلقات کو بڑھانے کے لیے ایک مشترکہ سرمایہ کار کمپنی بنانے کی تجویز دی۔

ایف پی سی سی آئی نے ترکیہ کی سیاسی اور اقتصادی قیادت اور ترک عوام کی محنت اوردیانتداری کی تعریف کی۔ ایف پی سی سی آئی نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی طاقتوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور باہمی ترقی وخوشحالی کے حصول کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں۔ایف پی سی سی آئی نے خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خطے میں اسلامک چیمبر، ای سی او چیمبر آف کامرس اور ڈی ایٹ کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات