سیکریٹری کالجز ایجوکیشن سندھ کا حیدرآباد کے مختلف کالجز کا دورہ، ترقیاتی و مرمتی کاموں کی ہدایت

منگل 29 اپریل 2025 20:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) سیکریٹری کالجز ایجوکیشن سندھ جناب شہاب قمر انصاری نے حیدرآباد ریجن کے مختلف سرکاری کالجز اور ڈائریکٹوریٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ریجنل ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ناصر اقبال آرائیں، چیف انجینئر ورکس اینڈ سروسز عاصم حسن، ڈائریکٹر (پی اینڈ ڈی) علی عباس ٹیپو، اسسٹنٹ انجنیئر ایجوکیشن ورکس اینڈ سروسز سہیل راجپوت اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

9 مختلف کالجز کے دورے کے دوران انہوں نے تعلیمی سرگرمیوں، کلاس رومز، لیبارٹریز، انفراسٹرکچر اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ جن عمارتوں میں سیوریج، واٹر سپلائی یا مرمتی مسائل ہیں ان کی فوری مرمت اور بحالی ایم اینڈ آر بجٹ کے تحت کی جائے جبکہ سولر سسٹمز کی تنصیب ان کالجز میں ترجیحی بنیادوں پر کی جائے جہاں لوڈشیڈنگ تعلیمی سرگرمیوں پر اثرانداز ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

ریجنل ڈائریکٹر کالجز ناصر اقبال آرائیں کی جانب سے ریجنل ڈائریکٹوریٹ کی عمارت کی توسیع پر بریفنگ دی گئی، جس پر سیکریٹری نے آئندہ ایم اینڈ آر اسکیم میں مزید فلورز کی تعمیر کی تجویز تیار کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر دو نئے کالجز، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سن اور گورنمنٹ بوائز کالج بھٹ شاہ، کی منظوری دی گئی، جو نئی سالانہ ترقیاتی بجٹ (ADB) اسکیم کے تحت تعمیر ہوں گے۔

گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج قاسم آباد کی پرنسپل نے سہولیات کی کمی اور اسٹاف کی قلت سے آگاہ کیا، جس پر سیکریٹری نے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ گورنمنٹ زبیدہ گرلز کالج میں پرانے ہاسٹلز کو کلاس رومز میں تبدیل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی تاکہ بی ایس پروگرام کے طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔ اس موقع پر سیکریٹری کالجز ایجوکیشن سندھ نے گورنمنٹ گرلز ڈگری پوسٹ گریجویٹ کالج لطیف آباد، گورنمنٹ گرلز نزرت کالج سٹی، گورنمنٹ بوائز ڈگری سچل کامرس کالج سٹی، گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج پریٹ آباد سمیت دیگر کالجز کے عمارتوں، اسپورٹس گرائونڈ اور بلڈنگز کی خستہ حالی کی مرمت کرنے کی ہدایت جاری کی۔

سیکریٹری کالجز سندھ نے چیف انجینئر ایجوکیشن ورکس اینڈ سروسز کو تمام کالجز کے پرنسپلز اور ریجنل ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ مل کر ایم اینڈ آر منصوبوں کا جامع ورک پلان تیار کرنے اور ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی کاموں کی رپورٹ محکمے کو جمع کرانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ انفراسٹرکچر کو مستقبل کی آفات، جیسے 2022 کے سیلاب، کے تناظر میں محفوظ بنایا جائے۔ آخر میں سیکریٹری کالجز کو ریجنل ڈائریکٹر کالجز حیدرآباد کی جانب سے سندھی ثقافت کی نمائندگی کرتے ہوئے اجرک، ٹوپی اور پھولوں کا تحفہ پیش کیا گیا۔