Live Updates

موجودہ صورتحال میں آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے‘ شاہ محمود قریشی، اعجاز چوہدری ، یاسمین راشد،محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ

عام انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں لینے والی تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو بنفس نفیس شرکت کا موقع دیا جائے ‘ جیل سے کھلا خط

منگل 29 اپریل 2025 21:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی رہنمائوںشاہ محمود قریشی ، سینیٹر اعجاز احمد چوہدری ، ڈاکٹر یاسمین راشد ، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ نے ملکی موجودہ صورتحال پر قوم کے نام کھلے خط میں کہا ہے مودی کی ہندتوا ذہنیت نے دو ایٹمی قوتوں کے درمیان جنگی صورتحال پیدا کر دی ہے ۔

بھارت پہلگام واقعہ کو بنیاد بنا کر وطن عزیز پر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے ،حالانکہ پاکستان خود کئی دہائیوں سے بدترین دہشتگردی کا شکار ہے، پوری عالمی برادری جس کی گواہ ہے ۔خط میں کہا گیا ہے کہ ایسی صورتحال میں قومی یکجہتی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے چنانچہ فی الفور کثیر الجماعتی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے ۔ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور 8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں لینے والی تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو بنفس نفیس شرکت کا موقع دیا جائے ان کے بغیر ہونے والی کوئی کانفرنس نتیجہ خیز نہیں ہوسکتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاریخ کے ریکارڈ پر پلوامہ واقعہ کے بعد وزیراعظم عمران خان کے موقف اور کردار کو پوری قوم جانتی ہے جس میں انہوں نے واضح کہا تھا کہ ہم جوابی کارروائی کا سوچیں گے نہیں بلکہ جوابی کارروائی کریں گے ،ایسی بامقصد کانفرنس پوری قوم کے دشمن کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنا دے گی ۔ پی ٹی آئی رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے دوراہے پر کھڑا ہے اور قومی یکجہتی کے اس نادر موقع کو ضائع کرنا آئندہ نسلوں کے لیے تباہ کن ہوگا ۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات