نو مئی جلا ئوگھیرا ئوکے واقعات میں پی ٹی آئی رہنمائوں کی جیل ٹرائل کی کارروائی تین مئی تک ملتوی

منگل 29 اپریل 2025 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنمائوں شاہ محمود قریشی،ڈاکٹر یاسمین راشد،عمر سرفراز چیمہ،اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر ملزمان کے نو مئی کے جلا ئوگھیرا ئوکے واقعات میں تھانہ شادمان کو جلانے اور جناح ہاوس کے قریب پولیس گاڑیاں نذرآتش کرنے سمیت چار مقدمات کی جیل ٹرائل کی کارروائی تین مئی تک ملتوی کر دی ۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے منگل کے روز سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں مقدمات کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت زیر حراست شاہ محمود قریشی،ڈاکٹر یاسمین راشد،عمر سرفراز چیمہ،اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر ملزمان کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا اور ان کی حاضری لگائی گئی،تھانہ شادمان جلانے کے مقدمے میں چھ سرکاری گواہان جبکہ جناح ہائوس کے قریب پولیس گاڑیاں جلانے کے کیس میں دو گواہان کے بیانات ریکارڈ کئے گئے۔وکلا نے گواہوں پر جرح مکمل کر لی۔دیگر مقدمات میں وکلا کے اعتراضات کے باعث گواہوں کی شہادتیں ریکارڈ نہ ہو سکیں۔عدالت نے تمام گواہوں کو آئندہ سماعت پر دوبارہ پیش ہونے کا پابند کرتے ہوئے مزید سماعت تین مئی تک ملتوی کردی۔