Live Updates

ملک کے دفاع کیلئےآزادکشمیر کا بچہ بچہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے،مقررین کاقانون سازاسمبلی میں اظہار خیال

بدھ 30 اپریل 2025 23:20

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں قراردادوں پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سردارضیاالقمر نے کہاکہ ہندوستان اس خطے کے انسانوں کی زندگیوں کو داؤ پر لگانا چاہتا ہے، ہماری لڑائی فاشسٹ سوچ کے ساتھ ہے، دلت اور دیگر اقلیتیں مودی کے جبر کا شکار ہیں ہماری ان سے کوئی لڑائی نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے ساتھ کھڑا ہے، آزادکشمیر کا بچہ بچہ اپنی بہاد ر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ پوری قوت کے ساتھ اپنے وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کریگا۔وزیر ٹریڈ اینڈ ٹریول اتھارٹی محترمہ تقدیس گیلانی نے کہاکہ پہلگام واقعہ خودساختہ ہے، 2000میں بھی امریکی صدر کے دورے کے دوران ہندوستان نے ایسا ہی واقعہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دفاع وطن کیلئے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کسی بھی قسم کی جارحیت کی صورت میں آزادکشمیر کے عوام اپنی محافظ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہر اول دستے کا کرداراداکرینگے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان نے بوکھلاکر سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا جو کہ وہ خود یکطرفہ طور پر نہیں کر سکتا۔وزیربرائے جموں وکشمیر لبریشن سیل محترمہ امتیاز نسیم نے کہاکہ پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ظلم و جبر کیاجارہا ہے، ہمیں اپنی افواج پر پورا اعتماد ہے، ہمارے جذبے توانا ہیں ، انشاء اللہ جس طرح غزوہ بدر میں 313 ہزاروں کے لشکر پر بھاری رہے تھے اسی طرح ہم بھی سرخرو ہونگے۔

ممبر اسمبلی حافظ حامد رضا نے کہاکہ جہاں بھی دہشتگردی ہوتی ہے اس کے تانے بانے ہندوستان سے ملتے ہیں ، امن ہماری ترجیح ہے کمزوری نہیں ، پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کریگااوردفاع کیلئے ہم سب ایک ہیں ۔ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ بجلی کے وولٹیج کے مسائل شہروں کی نسبت دیہاتوں میں زیادہ ہیں اس جانب بھی توجہ دی جائے اور بالخصوص بجلی چوری اور ہر گھراوردوکان میں بجلی کا میٹرہرصورت نصب کیاجائے۔

موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نورنے کہاکہ گزشتہ سال برقیات کے شعبہ میں ڈیڑھ ارب روپے کی اے ڈی پی خرچ کی گئی۔ بجلی سستی ہونے کی وجہ سے لوگوں نے اے سی اور دیگر آلات زیادہ استعمال کرناشروع کردیے ہیں جس کی وجہ سے سسٹم پر لوڈ بڑھ گیا ہے۔ وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہاکہ حکومت نے نئے ٹرانسفارمر خرید لیے ہیں جلد انکی انسٹالیشن بھی کر دی جائے گی۔

ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرٹرانسپورٹ جاوید بٹ کا کہناتھا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جرمانے کی حد بڑھائی گئی ہے تاہم یہ شرح پنجاب سے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ سپیڈ چیکنگ کے حوالہ سے بھی میکنزم بنارہے ہیں ۔اجلاس کے دوران توجہ دلاؤنوٹس پیش کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد نے کہاکہ دارلحکومت میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کیلئے مانک پیاں پل کی تعمیر مکمل کی جانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہاکہ پل کا کچھ حصہ تعمیر ہوچکا ہے حکومت اس پل کی تعمیر مکمل کرے۔سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے قانون سازاسمبلی کا اجلاس کل جمعرات دن ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات