ْگورنرخیبرپختونخوا سے جعفریہ زائرین گروپ آرگنائزیشن ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد کی ملاقات

بدھ 30 اپریل 2025 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے بدھ کے روز جعفریہ زائرین گروپ آرگنائزیشن ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے گورنرہاوس پشاور میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سید نجم الحسن گلو شاہ، صفدر بلوچ آف حاجی مورہ کررہے تھے۔وفد میں سید فرحت عباس شاہ ، سید خرم شاہ ، سید سبطین نقوی سمیت ملک بھر کے سالار اور انکے نمائندے شامل تھے۔

وفد نے گورنر کو ویزا فیسوں،انشورنس، ویزہ نوعیت، بسوں کے کرایہ جات میں اضافوںاور زائرین کو ایران اور عراق لے جاتے وقت سرحد پر درپیش مسائل ومشکلات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔گورنرنے وفد کی جانب سے پیش کئے گئے معروضات غور سے سنیں اور انہیں یقین دلایا کہ ایران اورعراق کے سفارتخانوں کے ساتھ مسائل کے حل کیلئے بات کی جائیگی ۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہاکہ عالمی تقاضوں اور حالات کے پیش نظر ہمیں مشکلات کو برداشت کرنا پڑے گا ایک شہری کی غلطی اور زیادتی کی سزا پوری قوم کو بھگتنی پڑتی ہے۔

لوگ زائرین کے روپ میں مقدس مقامات پر جاکر غائب ہو جاتے ہیں وہاں ملک کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں ہمیں متحد ہوکر اسکا سدباب کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے زائرین کے ایران جانے کے حوالہ سے درپیش مشکلات وزیر اعلی بلوچستان سے بات کرونگا۔انہوں نے وفدکو وزارت مذہبی امور سے بھی میں مشکلات کے ہرممکن حل میں اپنا کردار اداکرنے کی یقین دہانی کرائی۔