Live Updates

پہلگام حملے کا پاکستان پر بھارت کا الزام بھارتی سیکورٹی فورسز کی ناکامی ہے،ثروت اعجاز قادری

بدھ 30 اپریل 2025 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)پہلگام بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے والا پہلا الزام نہیں ہے۔بھارت نے پاکستان کو نیچا دکھانے کے لیے ہمیشہ جھوٹے بے بنیاد الزامات لگائے ہیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے تاجروں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی طرح بھارتی مصنوعات کا بھی بائیکاٹ کرنے سے بھارت کی معیشت پر اثر پڑے گا۔تاجر برادری ہمیشہ ملک و قوم کے وقار کے لیے پیش پیش رہی ہے۔پاکستانی قوم تاجر برادری سے امید رکھتی ہے کہ وہ بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کر کے بھارت کو سبق سکھائے گی۔پہلگام حملے کا پاکستان پر بھارت کا الزام بھارتی سیکورٹی فورسز کی ناکامی ہے۔

(جاری ہے)

لاکھوں فوجی ہونے کے باوجود کچھ لوگ آتے ہیں وہ اپنا کام کر کے چلے جاتے ہیں ایسا کیسے ممکن ہو گیا۔پہلگام حملے کے حوالے سے اب تو بھارتی قوم بھی مودی سرکار سے سوال کر رہی ہے۔ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ پہلگام حملے کے بعد عالمی سطح پر مودی حکومت پر آوازیں اٹھ رہی ہیں۔عالمی قوتیں بھارتی پروپگینڈے پر بھارت سے جواب طلب کریں۔پہلگام میں اچانک گولیاں چلیں اور مبینہ طور پر25سے زائد سیاح پلک جھپکتے ہی موت کی وادی میں پہنچ گئے۔

قتل ہونے والوں میں چند ایک تو غیر ملکی تھے،مگر زیادہ تر بھارتی سیاح ہی بتائے گئے ہیں۔یہ مقتول بھارتی سیاح بھارت کے دور دراز علاقوں سے پہلگام آئے تھے۔اس کا مطلب تو یہی ہے کہ بھارت اپنے ناپاک عزائم کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اپنی بھارتی باشندوں کا بھی قتل عام کرنے سے دریغ نہیں کرتا ہے۔اب تو بھارتی قوم بھی مودی سرکار کے پرپیگینڈے کو سمجھنے لگ گئی ہے،کہ مودی سرکار اپنے فائدے کے لیے کچھ بھی کر گزرنے سے دریغ نہیں کرے گی۔بھارتی حکومت دنیا کا امن خراب کرنے کے لیے اس طرح کے اوچے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات