Live Updates

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی بھارت کی پہلگام میں فالز فلیگ آپریشن پر شدید مزمت،اسمبلی میں قراداد منظور

جمعرات 1 مئی 2025 20:30

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں قائد ایوان چوہدری انوارالحق، قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد ، موسٹ سینئر وزیر ،وزیر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ،داخلہ وقار احمد نور ، وزیر زراعت و لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ سردار میر اکبر خان، وزیر قانون ، انصاف، پارلیمانی امور و انسانی حقوق میاں عبدالوحید، وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز را ٹھور، وزیر صنعت، کامرس، لیبر ویلفیئر و اوزان و پیمائش راجہ محمد صدیق، وزیر خوراک محمد اکبر چوہدری ، وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ اظہر صادق اوروزیر صحت عامہ نثار انصر ابدالی کی جانب سے پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ۔

(جاری ہے)

قرارداد میں کہاگیا کہ یہ ایوان پہلگام میں ہندوستان کی طرف سے فالس فلیگ آپریشن اور اس کے فوری بعد پاکستان پر بے بنیاد الزامات ، ہندوستانی میڈیا کی طرف سے مسلمانوں اور کشمیریوں کے خلاف نفرت کا ماحول پیدا کرنے ، 2500 سے زائد عام شہریوں کی بلا جواز گرفتاریوں ، گھروں کو بلڈوز کرنے اور دیگر ظالمانہ اقدامات کی مذمت کرتا ہے۔ یہ ایوان ہندوستان کی سیکورٹی کا بینہ کمیٹی کے فیصلوں کی مذمت کرتا ہے اور یہ فیصلے ظاہر کرتے ہیں کہ ہندوستان نے ایک طے شدہ منصوبہ کے تحت بغیر کسی تحقیق کے یہ اقدامات کر کے پاکستان اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری حق خوداردایت کی تحریک کو بد نام کرنے کی کوشش کی ہے ۔

ہندوستان کو یہ قانونی حق حاصل نہیں کہ وہ سندھ طاس معاہدہ کو ختم کرنے کا یکطرفہ فیصلہ کرے، اس معاہدے میں ورلڈ بینک ایک ضامن کے طور پر موجود ہے۔ ہندوستان کی طرف سے یہ اعلان اس خطہ کو بدامنی اور جنگ میں دھکیلنے کی کوشش ہے۔ یہ ایوان پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں کی مکمل تائید کرتا ہے اور پاکستان کے اس دلیرانہ موقف کو جموں و کشمیر کی عوام سراہتی ہے۔

قرارداد میں کہاگیاکہ پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے ہندوستان کے جارحانہ اقدامات کا موثر جواب ہیں۔ یہ ایوان ہندوستان کی قابض افواج کی طرف سے سیز فائر لائن کی خلاف ورزیوں اور بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کرتا ہے اور پاکستان کی بہادر افواج کی طرف سے ہندوستان کو بھر پور جواب دینے پر ان کو بھر پور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔قرارداد میں کہاگیاکہ یہ ایوان چیف آف آرمی سٹاف جناب جنرل عاصم منیر کی طرف سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حوالہ سے دوٹوک اور اصولی موقف اپنانے ، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے ، ہندوستان کے ہندوتوا ایجنڈ ے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور ہندوستان کی دھمکیوں کا پوری قوت اور جذبہ ایمانی سے جواب دینے پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

یہ ایوان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ جموں و کشمیر کی عوام پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لڑے گی اور اس ملک کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات