ْپیپلز پارٹی کے صدر زرداری نے خود سندھ پر نہر یںبنانے کی منظوری دی تھی، جماعت اسلامی سندھ

حکومت کے بدلے دریائے سندھ کے پانی سمیت سندھ کے حقوق کا سودا کرنے والی جماعت کی جانب سے جشن اور جلسے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے،ترجمان

جمعرات 1 مئی 2025 22:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2025ء)جماعت اسلامی سندھ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سندھ کے پانی، زمینوں، کارونجھر سمیت دیگر وسائل اور حقوق کی سودے بازی پر قوم سے معافی مانگنے کے بجائے حکومتی جماعت پیپلز پارٹی کا جشن اور جلسے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہیں۔ خود پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری نے ایوانِ صدر میں ہونے والے اجلاس میں دریا پر کینال تعمیر کرنے کی منظوری دی اور اس پر تیزی لانے پر بھی زور دیا، جس کی تصدیق صدر زرداری کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی ہوئی۔

اس کے باوجود ڈھٹائی کے ساتھ جشن منانا افسوسناک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جیسے سندھ طاس معاہدہ پاکستان کی بقا کا ضامن ہے، ویسے ہی دریائے سندھ سندھ کی لائف لائن ہے۔ نہروں کے سندھ دشمن منصوبے کو وقتی طور پر روکنا وکلا، سیاسی و سماجی کارکنوں سمیت ہر سندھی کی کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

گوکہ نہری منصوبے کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا گیا بلکہ بڑی چالاکی کے ساتھ عوام کے غصہ کو ٹھنڈا کرنے کے لیے صرف مؤخر کیا گیا ہے۔

کارپوریٹ فارمنگ اس سے بھی زیادہ خطرناک ہے، اور اس مقصد کے لیے پانی کی فراہمی کا منصوبہ کسی بھی وقت دوبارہ سامنے آ سکتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اقتدار کے بدلے سندھ کی سودے بازی کرنے والوں کو تاریخ اور قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ فارم 47کے ذریعے صوبہ سندھ کو ایک پارٹی کو پٹے پر دینے والے طاقتورحلقوںکو بھی اب سمجھ جانا چاہیے کہ عوام اپنی جان دے دیں گے، لیکن سندھ کے پانی اور وسائل کی سودے بازی برداشت نہیں کریں گے۔جماعت اسلامی، سیو سندھ موومنٹ سمیت سندھ کے حقوق کے لیے ہر قدم پر سندھ دوست قوتوں کے ساتھ جدوجہد میں شریک ہوگی۔