Live Updates

جنوبی ایشیا میں امن کیلئے پاکستان اور بھارت ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، امریکہ

دونوں ممالک کو اپنے مسائل کا ذمہ دارانہ حل نکالنا چاہیے، امریکہ دونوں ملکوں کی حکومتوں کے ساتھ مختلف سطح پر رابطے میں ہے،ہم نے پاکستان اور بھارت سے پہلگام حملے کے بعد بڑھتی کشیدگی کا ذمہ دارانہ حل نکالنے کا مطالبہ کیا ہے، ٹیمی بروس کی پریس بریفنگ

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 2 مئی 2025 10:32

جنوبی ایشیا میں امن کیلئے پاکستان اور بھارت ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 مئی 2025) امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہاہے کہ جنوبی ایشیا میں امن کیلئے پاکستان اور بھارت ذمہ داری کا مظاہرہ کریں،دونوں ممالک کو اپنے مسائل کا ذمہ دارانہ حل نکالنا چاہیے، امریکہ نے پاکستان اور بھارت سے مسائل کا ذمہ دارانہ حل نکالنے پر زور دیا ہے،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا پریس بریفنگ میں کہنا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے فریقین سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسا حل نکالیں جس سے طویل مدتی امن اور علاقائی استحکام برقرار رہے۔

امریکہ نے پاکستان اور بھارت سے پہلگام حملے کے بعد بڑھتی کشیدگی کا ذمہ دارانہ حل نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکہ دونوں ملکوں کی حکومتوں کے ساتھ مختلف سطح پر رابطے میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھارتی ہم منصب جے شنکر اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے گزشتہ روز بات کی تھی جس میں سیکرٹری روبیو نے دونوں ملکوں سے کہا کہ وہ ایسا ذمہ دارانہ حل نکالیں جس سے جنوب ایشیا میں طویل المدتی امن اور علاقائی استحکام برقرار رہے۔

امریکہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ مختلف سطحوں پر رابطے میں ہے اور خطے کی صورتحال کو بغور مانیٹر کر رہا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو اپنے مسائل کا ذمہ دارانہ حل نکالنا چاہیے تاکہ جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام قائم ہو سکے۔پریس بریفنگ کے دوران ٹیمی بروس کاکہنا تھا کہ یقیناً امریکی خارجہ مارکو روبیو نے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ سے بات کی لیکن ہم نے بھی بات کی ہے، نہ صرف وزیر خارجہ بلکہ اس سلسلے میں ہر سطح پر بات چیت ہوئی ہے۔

ہم باریک بینی سے نگرانی کر رہے ہیں۔پریس کانفرنس کے دوران ٹیمی بروس نے یہ بھی کہا کہ صدر ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کامیاب ثابت ہو رہی ہے اور ان کی انتظامیہ کو امریکی تاریخ کی سب سے شفاف انتظامیہ قرار دیا۔ٹیمی بروس نے ایران کے ساتھ بات چیت کے چوتھے دور کے مقام کا ابھی تک تعین نہ ہونے کا ذکر کیا اور کہا کہ یوکرین کے ساتھ اقتصادی شراکت داری دیرپا ثابت ہوگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روزامریکی وزیر خارجہ مارکوروبیو کا کہنا تھاکہ بھارت کشیدگی کمی کیلئے اپنا کردار ادا کرے، خطے میںامن کیلئے پاکستان سے تعاون کرے۔ امریکی وزیر خارجہ کی بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور انہیں جنوبی ایشیا میں امن اور سیکیورٹی برقرار رکھنے کا کہاتھا۔مارکو روبیو نے بھارتی وزیر خارجہ پر کشیدگی میں کمی کیلئے کردار ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا تھاکہ پاکستانی حکام پہلگام حملے کی تحقیقات میں تعاون کیلئے تیار تھے۔

امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے اپنے بھارتی ہم منصب جے شنکر سے رابطہ کرکے خطے کی کشیدہ صورتحال میں کمی لانے پر زور دیا تھا۔امریکی وزیر خارجہ نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ٹیلی فونک رابطے میں پہلگام حملے میں جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیاتھا۔امریکہ نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے اور جنوبی ایشیا میں امن اور سلامتی برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے۔

قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ مارکو بیورو نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیاتھاوزیراعظم نے امریکی وزیرخارجہ کو پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی ۔پاک بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے کیلئے امریکہ متحرک ہوگیاتھا۔وزیر اعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کو جنوبی ایشیا میں حالیہ پیش رفت پر اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیاتھا۔دونوں رہنماﺅں نے دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر اتفاق کیاتھا۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات