کراچی، مسافر بس کو حادثہ ،4 افراد جاں بحق 25 زخمی ہوگئے

سٹیل ٹاﺅن کے علاقے گلشن حدید لنک روڈ کے قریب حیدرآباد سے کراچی آنے والی تیز رفتار مسافر بس ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی، جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں،زخمیوں و لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 2 مئی 2025 11:38

کراچی، مسافر بس کو حادثہ ،4 افراد جاں بحق 25 زخمی ہوگئے
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 مئی 2025)کراچی کے علاقے گلشن حدید میں سمندری بابا مزار کے قریب مسافر بس الٹ گئی، حادثے میں 4 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے، سٹیل ٹاﺅن کے علاقے گلشن حدید لنک روڈ کے قریب حیدرآباد سے کراچی آنے والی تیز رفتار مسافر بس ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے بارعث بس میں سوار متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں، جاں بحق افراد کی شناخت 60 سالہ پنا زوجہ محمد علی، 35 سالہ کوثر، 59 سالہ عبدالغفور اور 25 سالہ غلام فرید کے ناموں سے ہوئی۔

حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشوں اور 8 زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔اطلاع ملنے پر علاقہ مکین، پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

(جاری ہے)

چھیپا اور ایدھی کے رضاکاروں نے پولیس اور علاقہ مکینوں کی مدد سے زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے جناح اور نجی ہسپتال منتقل کیا۔جاں بحق ہونے والے افراد مختلف علاقوں کے رہائشی تھے جو حیدرآباد سے کراچی آرہے تھے۔

دوسری جانب کراچی میں کورنگی روڈ پر ملیر ندی میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار خاتون جاں بحق ہوگئیں، مشتعل افراد نے واٹر ٹینکر کو آگ لگادی۔واقعہ کورنگی کراسنگ اور قیوم آباد کے درمیان میں ملیری ندی میں پیش آیا۔ ٹینکر کے پہیوں تلے کچلے جانے کے باعث خاتون موقع پر دم توڑ گئیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ واٹر ٹینکر نے بائیک پر جاتے مرد اور خاتون کو ٹکر ماری، حادثے میں مرد زخمی ہوا اور خاتون جاں بحق ہوگئیں۔

پولیس کے مطابق وقوعہ پر جمع ہونے والے مشتعل افراد نے واٹر ٹینکر کو آگ لگادی جبکہ واٹر ٹینکر کے کلینر کو تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کردیا تھا۔ایک او ر واقعے میں راچی میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے راہگیر خاتون جاں بحق ہوگئی تھی۔حادثہ ملیر ہالٹ پل کے قریب پیش آیاتھا۔ حادثے کی اطلاع پر امدادی ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی تھی۔

ضابطے کی کارروائی کیلئے خاتون کی لاش کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔یاد رہے کہ اس سے قبل سکھر ملتان موٹروے پر سانگی کے قریب بس ٹریلر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 3 مسافر جاں بحق ہوگئے تھے۔پولیس کے مطابق حادثے میں 12 مسافر زخمی بھی ہوئے ہیں، حادثہ بس کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیاتھا۔جاں بحق افراد میں بچی اور خاتون شامل ہیں، بس کراچی سے علی پور جارہی تھی۔