Live Updates

مظفر آباد،پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں آ ل پارٹیز کشمیر کانفرنس کاانعقاد

جمعہ 2 مئی 2025 12:13

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت آل پارٹیز کشمیر کانفرنس مظفر آباد میں منعقد ہوئی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانفرنس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نمائندگان نے شرکت کی اورمسلح افواج سے بھرپور یکجہتی کا اظہارکیاگیا۔ کانفرنس میں بھارتی آبی جارحیت یکسر مستردکیاگیا اوربھارت کوموثر جواب دینے پر پاکستان کی حکومت اور مسلح افواج کوشاندار خراج تحسین پیش کیاگیا۔

کانفرنس میں بھارتی جنگی جنون کومسترداورحل طلب تنازعہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے بھرپور عزم کا اظہار کیاگیا۔ کانفرنس کے شرکا نے عالمی برادری پر بھارت کے جنگی جنون کا فوری نوٹس لینے پر زوردیا اور کنٹرول لائن پر بھارت کی کسی بھی جارحیت کو اس کی آخری غلطی قراردیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کا بہانا بنا کر نہتے کشمیریوں کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے۔

شرکا نے پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا اظہارکیا۔کانفرنس میں بھارت کے فالس فلیگ آپریشنز کو بے نقاب کرنے پر مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہارکیاگیا۔ کانفرنس میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق ، اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق ، صدر مسلم لیگ شاہ غلام قادر ، سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر ، چوہدری یاسین کے علاوہ سابق وزرائے عظم سردار عتیق احمد خان ،سردار یعقوب خان اور سردار قیوم نیازی ،سینئر وزیر وقار احمد نور ،کنونیر آل پارٹیز حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ غلام محمد صفی،حریت رہنمائوںمحمود احمد ساغر، شیخ عبدالمتین،پرویز احمد شاہ ،صدر لبریشن لیگ منظور قادر ڈار نے شرکت کی ۔

کانفرنس میں وزرائے حکومت دیوان علی خان چغتائی ، سردار عامر الطاف ، میاں عبدالوحید ، عبدالماجد خان ، چوہدری اظہر صادق ، پروفیسر تقدیس گیلانی اورکشمیری حریت رہنمائوں سمیت آزاد کشمیر کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات