Live Updates

سول سوسائٹی کی مقبوضہ کشمیر میں عوامی جذبات مجروح کرنے پر بھارتی میڈیا کی مذمت

جمعہ 2 مئی 2025 14:35

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں سول سوسائٹی کے ارکان نے بھارتی صحافیوں اور بلاگرز کی طرف سے کشمیری عوام کے جذبات کو مجروح کرنے کی منظم کوشش پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سول سوسائٹی کے ارکان بشمول ڈاکٹر زبیر احمد راجہ، محمد فرقان، محمد اقبال شاہین اور سید حیدر حسین نے سرینگر میں ایک اجلاس میں کہا کہ بھارتی صحافی ، یوٹیوبرز اور بلاگرز جنہیں زیادہ تر بھارتی فوج، خفیہ ایجنسیاں اور بی جے پی حکومت کی سرپرستی حاصل ہے،کشمیریوں کے جذبات کا استحصال کر رہے ہیں اور حریت قیادت اور پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے میں ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جانبدار بھارتی میڈیا کشمیری عوام بالخصوص نوجوانوں کو اشتعال دلا رہاہے اور ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچا رہاہے جبکہ کشمیری دفعہ370اور 35A کی منسوخی اور پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد مقبوضہ علاقے میں شدیدخوف وہراس میں مبتلا ہیں اورانہیں وحشیانہ ظلم و تشدد اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے ہزاروں کشمیریوںکو بدترین انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے کیلئے جیلوں میں قید کر رکھا ہے ۔سول سوسائٹی کے ارکان نے کہاکہ ہندوتوا آر ایس ایس/بی جے پی کے ایجنڈے پر عمل پیرا بھارتی میڈیا کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو بدنام کر نے کی ہرممکن کوشش کر رہاہے۔انہوں نے 37برس کے دوران مقبوضہ علاقے میں رونما ہونے والے کشمیریوں کے قتل و غارت کے تمام سانحات کی بین الاقوامی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔

سول سوسائٹی کے اراکین نے بھارت کی سول سوسائٹی اور امن پسند لیڈروں پر زور دیا کہ وہ خطے میں امن اور سیاسی و اقتصادی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے بھارتی حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی نفرت انگیز پالیسیوں کو ترک کرے اور تنازعہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات