بھارت کا جنگی جنون خطے سمیت اقوامِ عالم کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے،جاوید یوسف

جمعہ 2 مئی 2025 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء)نیشنل پیس کمیٹی کے سابق مرکزی وائس چیئرمین اور پیپلزپارٹی کراچی کے سٹی کونسلر جاوید یوسف نے پہلگام واقعے کے بعد اپنے جاری کردہ بیان میں بھارت سمیت دنیا بھر میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کی پرزور مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام حملے کی آڑ میں بھارت کا جنگی جنون اقوامِ عالم کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے اندر اقلیتوں، خاص طور پر مسلمانوں، عیسائیوں اور سکھوں کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے، وہ کسی مہذب دنیا کے لیے قابلِ قبول نہیں۔ بھارتی حکومت بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی کر رہی ہے اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی اس ظلم کو مزید ہوا دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

جاوید یوسف نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اگر بھارت نے جنگ کی طرف قدم بڑھایا تو جیت پاکستان کی ہوگی۔

''پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن دفاع کے لیے ہر حد تک جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اگر دشمن نے جارحیت کی تو پوری پاکستانی قوم متحد ہو کر بھارت کا جنگی جنون دفن کر دے گی۔''انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا اور اقلیت دشمن اقدامات نہ صرف خطرناک رجحان ہیں بلکہ یہ خود بھارتی جمہوریت کے لیے لمحہ? فکریہ ہیں۔ انہوں نے عالمی اداروں اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک جغرافیائی وحدت سے بڑھ کر ایک نظریاتی طاقت ہے، اور ہم اپنے ملک کی سالمیت، اقلیتوں کے تحفظ اور خطے کے امن کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔