Live Updates

امریکا کا پاکستان اوربھارت سے مسائل کا ذمہ دارانہ اوردیرپا حل نکالنے پرزور

جمعہ 2 مئی 2025 19:46

امریکا کا پاکستان اوربھارت سے مسائل کا ذمہ دارانہ اوردیرپا حل نکالنے ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء)امریکا نے پہلگام واقعے کے بعد بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان اور بھارت سے مسائل کا ذمہ دارانہ حل نکالنے پر زور دیا ہے۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ میں واضح کیا ہے کہ امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے فریقین سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسا حل نکالیں جس سے طویل مدتی امن اور علاقائی استحکام برقرار رہے۔

ٹیمی بروس نے کہا کہ یقیناً سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ سے بات کی، لیکن ہم نے بھی بات کی ہے، نہ صرف وزیر خارجہ بلکہ اس سلسلے میں ہر سطح پر بات چیت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم باریک بینی سے نگرانی کر رہے ہیں، مارکو روبیو نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اور پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف سے بات کی، سیکریٹری خارجہ نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ ایک ایسا ذمہ دارانہ حل نکالیں جو جنوبی ایشیا میں طویل المدتی امن اور علاقائی استحکام کو برقرار رکھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہم دونوں ممالک کی حکومتوں کے ساتھ متعدد سطحوں پر رابطے میں ہیں۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے واضح کیا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ساتھ کھڑا ہے، انہوں نے کہا کہ جیسا کہ صدر نے گزشتہ ہفتے وزیر اعظم نریندر مودی سے کہا تھا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کو ہماری مکمل حمایت حاصل ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات