ساجد میر کی دینی، علمی اور پارلیمانی خدمات ناقابل فراموش ہیں‘نواز شریف کا انتقال پر اظہار افسوس

ہفتہ 3 مئی 2025 17:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیرا عظم محمد نواز شریف نے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر پروفیسر ساجد میر کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ پروفیسر ساجد میر کی ناگہانی وفات پر دِلی رنج ہوا۔ انکی دینی، علمی اور پارلیمانی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

میں دکھ کی اِس گھڑی میں انکے خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ اللہ تعالی انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر و ہمت سے یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین ۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پروفیسر ساجد میر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگواران سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کی ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ سابق وزیراعلی پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ (ن) حمزہ شہباز شریف نے بھی مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر ساجد میر کی رحلت پاکستان اور عالم اسلام کے علمی و فکری طبقے کے لئے ایک دھچکا ہے، پروفیسر ساجد میر کا مسلم لیگ (ن) سے دیرینہ تعلق تھا۔

پروفیسر ساجد میر نے پاکستان میں اسلامی شعائر کے فروغ اور دینی ذمہ داریوں کے لئے اپنی زندگی وقف کی۔ علامہ ساجد میر کی رحلت سے پاکستانی سیاست اور پارلیمنٹ ایک زیرک اور تجربہ کار رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔ اللہ تعالی اہل خانہ کو صبر جمیل دے دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔