Live Updates

پاکستانی قوم ہرقسم کی بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے تیارہے : جاوید قصوری

ہفتہ 3 مئی 2025 18:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2025ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم ہر قسم کی بھارتی سازش کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے ۔ہم کسی کو بھی اپنی خودمختاری، سلامتی اور وقار کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔مسلح افواج ہائی الرٹ ہیں اور سرحد پار کے کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے مکمل تیار ہیں۔

بھارت نے پاکستان پر بغیر شواہد کے الزامات عائد کئے ہیں اشتعال انگیزی پھیلا کر خطے کے امن کو تباہ کرنا چاہتا ہے پہلگام واقعہ کا ذمہ دار خود بھارت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دفتر منصورہ میں قصور، فیصل آباد تاندلیانوالہ ، سیالکوٹ اور جھنگ اضلاع کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور مودی کے تکبر کا منہ توڑ جواب دیا جائے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان ائی بی دہشت گردی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سخت خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کی طرف سے پاکستان کو حالت جنگ کا شکار کرنا اور اس پر جنگ مسلط کرنا بھارت کی پاکستان دشمنی اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کا اظہار ہے۔ایک ایسا ملک جو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار ہے لیکن تصویر کا دوسرا رخ نہایت خوفناک ہے۔ ہندووں کے علاوہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی زندگی میں سکون نہیں ہے۔ سب خوف کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے سیکولرازم کے دعوے کے باوجود سیکولر نہیں بن سکا اور وہاں ہندوتوا کا راج ہے، جو مودی کے برسراقتدار آنے کے بعد مزید پروان چڑھ رہا ہے۔ مودی حکومت نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف ایک محاذ کھول رکھا ہے اور ہندو انتہاپسندوں اور آر ایس ایس کے غنڈوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے کہ وہ اقلیتوں کو ہندوستان میں سکھ کا سانس نہ لینے دیں۔

بھارت میں ہندو انتہاپسندوں نے مسلمانوں کا جینا حرام کر رکھا ہے۔ آئے روز مختلف علاقوں میں فسادات کرکے مسلمانوں کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔ کہیں مسلمانوں کی املاک کو نقصان پہنچایا جارہا ہے، ان کے گھر مسمار کیے جارہے ہیں، کہیں مساجد کو آگ لگائی جارہی ہے اور کہیں مسلمانوں کو شہید کیا جارہا ہے۔سکھ دنیا بھر میں ہندووں کے متعصب رویے کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں۔ عیسائی چرچ جا کر مذہبی عبادات نہیں کر سکتے، وہ چرچ جاتے ہوئے انجانے خوف کا شکار ہیں، چرچ جانے والا ہر شخص زندگی ختم ہونے کے خوف کا شکار ہے۔ محمدجاوید قصوری نے مزید کہا کہ ازلی دشمن کے خلاف پوری پاکستانی قوم متحد ہے ۔سمجھوتہ ایکسپریس ،جعفر ایکسپریس پہلگام واقعہ کی عالمی سطح پر تحقیقات ہونی چاہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات