امریکی شہریوں کو بھارت اور پاکستان کا سفر نہ کرنے کی ہدایت

بھارت میں دہشتگرد بغیر وارننگ کے حملہ کر سکتے ہیں،امریکی محکمہ خارجہ

پیر 5 مئی 2025 15:16

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے بھارت اور پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی گئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی شہریوں کو دہشت گردی اور دیگر خطرات کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ایڈوائزری کے مطابق بھارت میں دہشت گرد کسی بھی وقت حملہ کر سکتے ہیں۔ امریکی شہری بھارت کے سفر سے گریز کریں۔

پاک بھارت سرحد، ایل او سی کے قریبی علاقوں میں مسلح تصادم کا خدشہ ہے۔ جہاں دونوں ممالک کی فوجیں موجود ہیں۔محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں دہشتگرد بغیر وارننگ کے حملہ کر سکتے ہیں، وہاں سیاحتی مقامات، شاپنگ مالز پر حملے ہوسکتے ہیں۔ایڈوائزری میں بھارتی سیاحتی مقامات پر جرائم، تشدد اور جنسی حملوں کی اطلاعات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے شہریوں کو ان علاقوں میں سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ بھارتی سیاحتی مقامات پر تشدد، جرائم اور جنسی حملوں کی رپورٹس ہیں، جبکہ بھارتی حکام کے مطابق ملک میں ریپ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی سرحدوں پر دونوں ملکوں کے فوجیوں کی بڑی تعداد موجود ہے، سرحد اور ایل سی کے قریبی علاقوں میں مسلح تصادم ہو سکتا ہے۔