Live Updates

کانگرسی رہنما کی طرف سے رافیل طیاروں کا مذاق اڑانے پر بی جے پی آگ بگولہ

پیر 5 مئی 2025 16:05

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) بھارتی ریاست اتر پردیش میں کانگریس کے صدر اجے رائے کی طرف سے بھارتی فضائیہ کے بیڑے میں شامل فرانسیسی ساختہ لڑاکا طیاروں رافیل کا مذاق اڑانے پر بی جے پی نے اپوزیشن جماعت کانگرس پر ملک دشمنی کا الزام عائد کر دیا اور اجے رائے پر تابڑ توڑحملے شروع کر دیئے ہیں۔ انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق اجے رائے نے ایک پریس کانفرنس کے دوران رافیل لڑاکا طیارے کا ماڈل دکھایا جس کے ساتھ ’’نظر بٹو‘‘ کے طور پر سبز مرچیں اور لیموں لٹکے ہوئے دکھائے گئے ۔

اجے رائے نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں اور کشمیر کے علاقے پہلگام میں مبینہ دہشت گردی کے واقعہ کے بعد مودی حکومت پر بے عملی کا الزام لگایا اور کہا کہ بھارتی فضائیہ کے رافیل طیارے دہشت گردوں کے خلاف کوئی کارروائی کرنے کے بجائے مرچیں اور لیموں لٹکائے اپنے ہینگرز میں کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا اشارہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی فرانس میں 2019 کی رافیل "شاستر پوجا" کی طرف تھا جس کے دوران بھارتی وزیر دفاع نے رافیل طیارے کے پہیوں کے نیچے لیموں اور اوپر ایک ناریل رکھا تھا۔

مرکز میں اپوزیشن جماعت کانگرس کے رہنما کی طرف سے اس اقدام پر بھارتی حکمران جماعت بی جے پی آگ بگولہ ہو گئی اور اس کے کئی رہنمائوں نے کانگریس پر بھارتی مسلح افواج کے حوصلے پست کرنے کا الزام لگایا۔آر جے ڈی کے رہنما نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ہماری افواج کےمورال پر حملہ کوئی اتفاق نہیں ہے بلکہ کانگرسی رہنمائوں کی پاکستان کے ساتھ ملی بھگت ہے ۔

بی جے پی کے رہنما پردیپ بھنڈاری نے الزام لگایا کہ اجے رائے کے تبصرے پاکستان کے مفاد میں ہیں ۔ اجے رائے جو راہول گاندھی کے قریبی ساتھی ہیں ، نے ہماری افواج کا مذاق اڑایا ہے ۔ کانگریس پارٹی ہندوستان میں پاکستان کی ترجمان بن چکی ہے۔یوپی کابینہ کے رکن اوم پرکاش راج بھر نے کہا کہ ملک مخالف بیانات دینا کانگرس پارٹی کے نظریے میں شامل ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات