اپوزیشن اتحاد نے قومی ایجنڈا تیار کرلیا، عوام کے سامنے پیش کرنے کا اعلان

قومی ایجنڈے میں ملک کو درپیش مسائل سے متعلق نشاندہی کی گئی، قومی ایجنڈے میں ملکی صورتحال کے حل کے لیے اپوزیشن لائحہ عمل بھی دے گا؛ ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان

Sajid Ali ساجد علی پیر 5 مئی 2025 14:13

اپوزیشن اتحاد نے قومی ایجنڈا تیار کرلیا، عوام کے سامنے پیش کرنے کا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی 2025ء ) تحریک تحفظ آئین پاکستان پر مشتمل اپوزیشن اتحاد نے قومی ایجنڈا تیار کرلیا، جس کو عوام کے سامنے پیش کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے قومی ایجنڈا تیار کرلیا جس پر اتحاد میں شامل تمام جماعتوں کی جانب سے اتفاق رائے کیا گیا ہے، ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی ایجنڈے میں ملک کو درپیش مسائل سے متعلق نشاندہی کی گئی ہے، قومی ایجنڈے کی تیاری کے لیے محمود خان اچکزئی کے ہمراہ اپوزیشن اتحاد کی جماعتوں نے کام کیا، ایجنڈے کے لیے سردار اختر مینگل، علامہ ناصر عباس اور صاحبزادہ حامد رضا نے مشاورت کی۔

ترجمان اپوزیشن اتحاد اخوانزادہ حسین یوسفزئی کہتے ہیں کہ قومی ایجنڈے میں ملکی صورتحال کے حل کے لیے اپوزیشن نے لائحہ عمل دیا ہے، ایجنڈے کو باضابطہ طور پر عوام کے سامنے رکھیں گے، اس مقصد کے لیے محمود خان اچکزئی اپوزیشن قیادت کے ہمراہ آج ایجنڈے پر کانفرنس کریں گے، تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے اپوزیشن اتحاد میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کا متفقہ طور پر تیار کردہ قومی ایجنڈا اسلام اباد نیشنل پریس کلب میں عوام کے سامنے رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی ترتیب دینے کی خاطر یہ قومی ایجنڈا تیار کیا ہے، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی باضابطہ طور پر اسے عوام کے سامنے رکھیں گے، اس تقریب میں تحریک کے دیگر قائدین، جس میں پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان، مرکزی رہنما اسد قیصر، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا اور سینیئر سیاست دان مصطفی نواز کھوکھر بھی شرکت کریں گے۔