Live Updates

وزیراعلیٰ مریم نواز کا ہرشہر میں بارش کی نکاسی فوری مکمل کرنے اور وارننگ سسٹم مزید بہتر بنانےکا حکم

سیلاب کی آگاہی کیلئے مساجد کے لاؤڈ سپیکرز استعمال کرنے کی ہدایت، ہائی رسک علاقوں میں بروقت اقدامات یقینی بنائے جائیں، والدین بچوں کوطوفانی بارشوں میں نہروں اور تالابوں میں نہانے سے منع کریں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 18 جولائی 2025 20:06

وزیراعلیٰ مریم نواز کا ہرشہر میں بارش کی نکاسی فوری مکمل کرنے اور وارننگ ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 18 جولائی 2025ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ ہر شہر میں بارش کے پانی کی نکاسی کا عمل فوراً مکمل کی جائے اور عوام کو سیلابی ریلوں سے بروقت آگاہ کرنے کے لئے وارننگ سسٹم کو مزید بہتر بنایا جائے۔ پی ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹر میں گفتگو کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ہر شہر میں پرائیویٹ سوسائٹیز کو بھی بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کا پابند بنایا جائے اور ندی نالوں، نہروں اور دریاؤں میں نہانے پر پابندی یقینی بنائی جائے۔

عوام کو دریا وغیرہ میں نہانے پر پابندی سے آگاہی کرنے کے لئے مساجد میں اعلانات کرائیں جائیں اس کے ساتھ ساتھ دیہات میں مساجد کے لاؤڈ سپیکرز کو ممکنہ سیلاب کی آگاہی کے لئے بھی استعمال کیا جائے۔

(جاری ہے)

۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بارشوں کے دوران ڈپٹی کمشنرز نکاسی آب مکمل ہونے تک فیلڈ میں خود موجود رہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ندی نالوں میں سیلابی پانی کی روانی کے لئے صفائی اور تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بارشوں کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات طلب کر لیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے بارشوں کی وجہ سے انفراسٹرکچر، چاول اور دیگر فصلوں کے نقصانات کی تفصیل مہیا کرنے کا حکم بھی دیا اور انتظامیہ، متعلقہ اداروں کو بارش کے اگلے سپیل کی تیاری کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سی اینڈ ڈبلیوڈیپارٹمنٹ سے روڈ انفراسٹرکچر کے نقصانات سے متعلق رپورٹ طلب کی۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ بروقت تیاری کی وجہ سے طوفانی اور تاریخی بارش کے دوران نقصانات سے ممکنہ حد تک بچاؤ ممکن ہوا۔جہاں کئی دنوں تک پانی کھڑارہتا تھا اب وہاں چند گھنٹوں میں پانی کی نکاس مکمل کر لیا گیا۔ ماضی میں نالہ لئی میں طغیانی کی وجہ سے ہزاروں لوگ متاثر ہوتے تھے لیکن اب کچھ وقت کے لئے کچھ علاقے متاثر ہوئے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بتایا کہ ریلیف سرگرمیوں کے دوران نومولود بچے کو ریسکیو کرکے والدین کے سپر د کرنے کے عمل کو دیکھ کر جذباتی ہوگئی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ندی نالوں کی بروقت ڈی سیلٹنگ کرنے سے نقصانات سے بچاؤ ممکن ہوا۔ عوام بالخصوص بچوں کو برسات کے دوران ندی نالوں سے دور رہنا چاہیے۔ہائی رسک علاقوں میں بروقت اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

والدین بچوں کو مون سون کی طوفانی بارشوں کے دوران نہروں اور تالابوں میں نہانے سے منع کریں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومتی اداروں نے اچھا کام کیا، غفلت یا کوتاہی کی وجہ سے کوئی ڈیتھ نہیں ہوئی۔ افسران اور ان کی ٹیم خودفیلڈ میں موجود رہی اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے اپنی جان تک رسک میں ڈال دی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں جہاں بھی ضرورت ہو، پی ڈی ایم اے سے لائف جیکٹ، بوٹ اور دیگر سامان مہیا کریں گے۔ چھتیں، دیواریں گرنے اور دیگر وجوہات سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات