Live Updates

چئیرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد کا ملتان میں نجی سکول کا دورہ

منگل 6 مئی 2025 12:24

چئیرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد کا  ملتان میں نجی سکول ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) چئیرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام، رانا مشہود احمد خان نے ملتان میں نجی سکول کا دورہ کیا۔ سکول کی پرنسپل شمیم شیخ، اساتذہ اور زیر تعلیم بچوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے ۔اس موقع پر رانا مشہود احمد نے بچوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ادارے کو دیکھ کر بے حد خوش ہیں جہاں محنت کش والدین کے بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا یہ سکول اپنے وسائل سے بنایا گیا ہے جو ایک عظیم مثال ہے، یہاں تعلیم حاصل کرنے والے بچے پاکستان کا مستقبل ہیں۔ رانا مشہود احمد نے بچوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تعلیم کو مقصد بنائیں اور محنت سے آگے بڑھیں ۔ طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ آپ کے والدین آپ کے لئے محنت کرتے ہیں، آپ بھی اپنی تعلیم سے ان کی محنت کا صلہ دیں۔

(جاری ہے)

رانا مشہود احمد نے بتایا کہ اس سکول کے کئی طلبہ پاک فوج اور دیگر اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور بعض ڈاکٹرز بھی بن چکے ہیں۔سکول کے طلبہ کا جلد ہی اسلام آباد کا دورہ کروایا جائے گا۔اس موقع پر پرنسپل شمیم شیخ نے بتایا کہ منیر ارشد تعمیرِ ملت ٹرسٹ سکول ایک فلاحی ادارہ ہے جہاں نرسری سے بی کام تک کی کلاسز موجود ہیں۔ سکول کو قائم ہوئے 30 سال مکمل ہو چکے ہیں اور اس وقت پانچ ہزار سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں ۔24 ایکٹر پر مشتمل یہ سکول ہے جہاں بیوٹی پارلر اور ڈریس میکنگ جیسے ہنر بھی سکھائے جا رہے ہیں تاکہ بچوں کو عملی زندگی کے لیے تیار کیا جا سکے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات