پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی، پاکستان پر الزامات لگانے کی بھارتی کوششیں عالمی سطح پر ناکام ہوگئیں

سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان نے بھرپور انداز میں موقف پیش کرتے ہوئے بھارت کے الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا، تمام پانچ ویٹو پاور ممالک نے پاکستان کا ساتھ دیا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 6 مئی 2025 12:07

پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی، پاکستان پر الزامات لگانے کی بھارتی ..
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 مئی 2025)پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ، پاکستان پر الزامات لگانے کی بھارتی کوششیں عالمی سطح پر ناکام ہوگئیں، سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان نے بھرپور انداز میں موقف پیش کرتے ہوئے بھارت کے الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں تمام پانچ ویٹو پاور ممالک نے پاکستان کا ساتھ دیا۔

سلامتی کونسل کے اجلاس میں پانچ سال سے زائد عرصے کے بعد ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ سیکیورٹی صورتحال اور جموں و کشمیر کے پس منظر میں موجود دیرینہ تنازع پر غور کیاگیا۔ اجلاس میں سلامتی کونسل کے 15 اراکین سمیت پانچ مستقل ارکان بھی شریک ہوئے۔پاکستان کے مستقل مندوب و سفیر عاصم افتخار احمدنے سلامتی کونسل کے اجلاس میں سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

پاکستان نے عالمی برادری کو نہ صرف موجودہ خطرات سے آگاہ کیا بلکہ مسئلہ کشمیر اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ اقوام متحدہ کے اجلاس میں جب پاکستان نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کا نام نہ لیا جائے تو کسی بھی ویٹو پاور ملک نے اس کی مخالفت کی ہمت نہ کی۔پہلگام واقعہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی مندوب نے واقعے کی سخت مذمت کی اور واضح کیا کہ پاکستان کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس واقعے کی شفاف، آزاد اور بین الاقوامی تحقیقات میں مکمل تعاون کیلئے تیار ہے۔پاکستان نے پہلگام حملے کو ایک فالس فلیگ آپریشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ بھارت کی طرف سے پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش کا حصہ ہے۔ پاکستانی نمائندے نے واضح طور پر کہا کہ بھارت نے آج تک اس حملے سے متعلق کوئی ثبوت پاکستان کو فراہم نہیں کیا۔

پاکستان مشن نے اس اہم موقع کیلئے بھرپور تیاری کی اور اقوام متحدہ میں پاکستان کا موقف موثر انداز میں پیش کرنے کیلئے پوری طرح متحرک ہوا۔ پاکستان پہلگام واقعے کی شفاف، آزاد اور بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش سے بھی سلامتی کونسل کو آگاہ بھی کیا گیا۔دریں اثناءبھارتی تجزیہ کار نے مودی سرکار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی پالیسی نہ جنگ کی ہے نہ امن کی عوام ہر گزرتے دن کے ساتھ سفارتی طور پر پس رہی ہے۔ جنگ کی صورت میں پسے گی تو بھارتی عوام اور ہمیں اپنی لاشیں خود ہی اٹھانی پڑیں گی۔بھارتی تجزیہ کاروں نے اپنی ویڈیوز اور بیانات میں مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ آج پوری دنیا پاکستان کے ساتھ کھڑی نظر آتی ہے اور بھارت سفارتی محاذ پر تنہا ہو چکا ہے۔