اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ایجنڈا آئٹم "بھارت پاکستان سوال" کے تحت بند کمرے میں مشاورتی اجلاس

منگل 6 مئی 2025 12:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرے میں ایک مشاورتی اجلاس آج ایجنڈا آئٹم "بھارت پاکستان سوال" کے تحت منعقد ہوا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق اجلاس علاقائی سلامتی کے بگڑتے ہوئے ماحول، بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے منعقد ہوا۔

یہ اجلاس پاکستان کی درخواست پر بھارت کے حالیہ یکطرفہ اقدامات اور اشتعال انگیز اعلانات کے پیش نظر بلایا گیا تھا جس سے فوجی تصادم کے خطرے میں نمایاں اضافہ ہوا اور علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ اجلاس کے دوران کونسل کے اراکین نے کشیدگی کے بڑھتے ہوئے خطرے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور تحمل اور تنائو کو کم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کشیدگی کو کم کرنے اور فوجی تصادم اور تنازعات سے بچنے اور مسائل کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے بات چیت اور سفارت کاری پر زور دیا۔ کئی ارکان نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کا دیرینہ تنازعہ علاقائی عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے اور اسے سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ کونسل کے کئی ارکان نے بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے حوالے سے بین الاقوامی قانون اور ذمہ داریوں کے احترام پر زور دیا۔\932