عوام نہیں، بااثر شخصیات نفرت کو ہوا دے رہی ہیں، بشری انصاری کی جاوید اختر پر تنقید

مسئلے کی جڑ کچھ بااثر بھارتی شخصیات ہیں جو اشتعال انگیزی اور نفرت انگیز بیانیے کو فروغ دے رہے ہیں،سینئراداکارہ

منگل 6 مئی 2025 14:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء)بشری انصاری کا پاک بھارت کشیدگی پر اظہار رائے کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نہیں، بااثر شخصیات عوام میں نفرت کو ہوا دے رہی ہیں۔پاکستان کی سینئر فنکارہ بشری انصاری نے ایک حالیہ ویڈیو بیان میں پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک کے عام شہریوں کے درمیان نفرت کی فضا نہیں ہے، بلکہ مسئلے کی جڑ کچھ بااثر بھارتی شخصیات ہیں جو اشتعال انگیزی اور نفرت انگیز بیانیے کو فروغ دے رہے ہیں۔

بشری انصاری نے واضح کیا کہ عام لوگ امن اور ہم آہنگی کے خواہاں ہیں، جبکہ میڈیا اور مشہور شخصیات کی جانب سے منفی بیانات حالات کو مزید خراب کر رہے ہیں۔ سینئر اداکارہ نے بھارتی فلم رائٹر جاوید اختر کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ یہاں آتے ہیں تو لڈیاں ڈالتے ہوئے جاتے ہیں اور پھر وہاں جاکر زہر اگلتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے جاوید اختر کو خاموشی اختیار کرتے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ نصیر الدین شاہ اور دیگر لوگ بھی ہیں جو خاموش ہیں اگر آپ کچھ اچھا نہیں کہہ سکتے تو خدا سے ڈریں۔ان کے مطابق عوام کے جذبات کو بھڑکانے اور غلط فہمیوں کو ہوا دینے والے یہی چہرے دونوں قوموں کے درمیان پائے جانے والے تعلقات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ عوام کو ایک دوسرے کو دشمن کے طور پر دیکھنے کے بجائے، ان عناصر کو پہچاننا چاہیے جو جان بوجھ کر نفرت پیدا کر رہے ہیں۔ بشری انصاری کے اس بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔