Live Updates

بگلیہار ڈیم اور سلال ڈیم کے سپل ویز بند‘ دریائے چناب خشک ہونا شروع ہو گیا

سلال اور بگلیہار ڈیموں کے صرف ایک ایک سپل ویز سے پانی چھوڑا جا رہا ہے.رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 6 مئی 2025 14:40

بگلیہار ڈیم اور سلال ڈیم کے سپل ویز بند‘ دریائے چناب خشک ہونا شروع ..
دہلی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 06 مئی ۔2025 )انڈیا کی جانب سے بگلیہار ڈیم اور سلال ڈیم کے سپل ویز بند کیے جانے کے باعث دریائے چناب کے کئی حصے خشک ہونا شروع ہو گئے ہیں اپریل میں پہلگام حملے کے بعد انڈیا نے پاکستان کے خلاف جو اقدامات کیے ہیں ان میں سندھ طاس معاہدے کی معطلی بھی شامل ہے. سندھ طاس معاہدے کے تحت انڈیا دریائے جہلم، چناب اور سندھ کے پانی تک پاکستان کو رسائی دینے کا پابند ہے اس معاہدے کی معطلی کے بعد پاکستان بارہا یہ واضح کر چکا ہے کہ اگر انڈیا کی جانب سے پاکستان کے حصے کا پانی روکنے کی کوشش کی گئی تو اسے اقدامِ جنگ تصور کیا جائے گا.

(جاری ہے)

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پانی کے بہاﺅ کو روکنے کی وجہ سے آبی حیات پر پڑنے والے دباﺅ کو کم کرنے کے لیے سلال اور بگلیہار ڈیموں کے ایک ایک سپل ویز سے پانی چھوڑا جا رہا ہے. رپورٹ میں بھارتی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بھارتی علاقے میں پہلے دریائے چناب میں 25 سے 30 فٹ پانی بہتا تھا جو اب گھٹ کر محض ڈیڑھ سے دو فٹ رہ گیا ہے ان کا کہنا تھا کہ یہ انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کے پاکستان کو پانی کی فراہمی روکنے کے فیصلے بعد ہوا ہے .

دوسری جانب بھارتی نشریاتی ادارے کی جانب سے جاری ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ بگلیہار ڈیم کے صرف ایک سپل وے سے پانی چھوڑا جا رہا ہے جبکہ باقی سارے دروازے بند ہیں جبکہ ایک اور ویڈیو میں ڈیم بھرا ہوا دکھائی دے رہا ہے مقبوضہ کشمیر کے علاقے اخنور میں رواں ماہ میںہونے والی بارشوں کے بعد دریائے چناب میں پانی کی سطح کافی اونچی ہو گئی ہے اور انتظامیہ نے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا ہے.                                    
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات