Live Updates

امریکا میں پاکستان کے سفیر کی امریکی تھنک ٹینک کے نمائندوں سے ملاقات ، پاک بھارت کشیدگی بارے آگاہ کیا

منگل 6 مئی 2025 17:51

امریکا میں پاکستان کے  سفیر کی امریکی تھنک ٹینک کے نمائندوں سے ملاقات ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانے میں امریکی تھنک ٹینکس کے نمائندوں سے ملاقات کی اور انہیں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی بارے آگاہ کیا۔ پاکستانی سفیر نےاس موقع پر بتایا کہ پہلگام واقعہ کی 10 منٹ کے اندر اندر ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود ابھی تک کسی ثبوت کا پیش نہ کیا جانا اس بات کی گواہی ہے کہ اس واقعہ میں پاکستان کے ملوث ہونے کے بھارتی الزامات بلا جواز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ پاکستان پر اس طرح کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ پاکستانی سفیر نے اگست 2019 میں بھارت کی طرف سے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی یکطرفہ منسوخی کے پس منظر میں اس واقعے کو دیکھنے کی درخواست کی اور بتایا کہ جموں و کشمیر اس وقت دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے جہاں میڈیا، انٹرنیٹ اور نقل و حرکت پر بہت زیادہ پابندیاں عائد ہیں جس سے وہاں جبر کا ماحول پیدا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارت کی شدت پسندی پر مبنی بیان بازی پر تنقید کی، جس میں بھارتی قیادت کی دھمکیاں بھی شامل ہیں، اور کہا کہ بھارت کی جہالت اور تسلط پسندانہ سازشوں نے علاقائی امن اور استحکام کو داؤ پر لگا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں انتخابات اور بھارتی حکومت کی انتظامی نااہلیوں پر پاکستان کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارتی حکومت کا یکطرفہ فیصلہ اس معاہدے کی شقوں کے منافی ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ دریا ئوں کے پانی کے حقوق غصب کرنا اور 240 ملین افراد کی زرعی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کو جنگی عمل تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے طویل عرصے سے لاقانونیت کا رویہ اپنا رکھا ہے۔انہوں نے پاکستان کی جانب سے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی تصدیق کرتے ہوئے پاکستان کو درپیش مصائب کو اجاگر کیا، جہاں گزشتہ سال دہشت گردی کے ایک ہزار سے زیادہ واقعات ہوئے، جو 2023 کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پہلگام واقعے کی اقوام متحدہ کی سرپرستی میں یا دنیا کی بڑی طاقتوں کی شمولیت کے ساتھ غیر جانبدارانہ، قابل اعتماد اور آزادانہ انکوائری کرائی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے حال ہی میں اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر کے ساتھ ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا اور تعاون پر مکمل آمادگی ظاہر کی۔

انہوں نےخطہ میں امن کے لئے امریکا، چین، برطانیہ، سعودی عرب، ایران اور دیگر ممالک کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بحران نے عالمی طاقتوں کو دیرینہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کا ایک پوشیدہ موقع فراہم کیا ہے اور اس بات کو اجاگر کیا ہے کہ طویل عرصہ سے حل طلب مسئلہ کشمیر سے علاقائی اور بین الاقوامی امن کو خطرہ لاحق ہے۔ اس تناظر میں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عالمی امن کو محفوظ بنانے کے ایجنڈے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے سے امن پسند کے طور پر ان کی ساکھ مضبوط ہو سکتی ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات