Live Updates

وزیراعظم شہباز شریف کا مسلح افواج کے سربراہان کے ہمراہ آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کا دورہ، سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار،وزیر دفاع خواجہ آصف بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے، وزیراعظم کو پاکستان کی مشرقی سرحد پر بھارت کے بڑھتے جارحانہ اور اشتعال انگیز روئیے کی روشنی میں روایتی خطرے سے نمٹنے کی تیاریوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے موجودہ سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 6 مئی 2025 17:05

وزیراعظم شہباز شریف کا مسلح افواج کے سربراہان کے ہمراہ آئی ایس آئی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 مئی 2025)وزیراعظم شہباز شریف نے مسلح افواج کے سربراہان کے ہمراہ انٹرسروسزانٹیلی جنس( آئی ایس آئی) ہیڈ کوارٹرزکا دورہ کیا، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار،وزیر دفاع خواجہ آصف بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے، وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کئے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو ملکی سیکیورٹی صورتحال پر مفصل بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کو پاکستان کی مشرقی سرحد پر بھارت کے بڑھتے ہوئے جارحانہ اور اشتعال انگیز روئیے کی روشنی میں روایتی خطرے سے نمٹنے کی تیاریوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے موجودہ سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔قومی قیادت کو علاقائی سلامتی کی تازہ ترین صورتحال، خطرات کی نئی جہتوں، روایتی فوجی چیلنجز، ہائبرڈ وار فیئر اور دہشت گردی کے پراکسی نیٹ ورکس سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے ہمراہ موجود قیادت نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کو روکنے اور فیصلہ کن جواب دینے کیلئے قومی نگرانی میں اضافے، بلا تعطل بین الایجنسی کوآرڈینیشن اور آپریشنل تیاریوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم نے آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ مہارت اور اسٹریٹجک فہم کی تعریف کی۔

انہوں نے قومی مفادات کے تحفظ اور پیچیدہ سیکیورٹی حالات میں بروقت فیصلے لینے میں ادارے کے کردار کو سراہا۔وزیراعظم شہبا شریف کا کہنا تھا کہ پوری قوم ہماری بہادر مسلح افواج کے پیچھے کھڑی ہے۔ پاک فوج دنیا کی سب سے زیادہ پیشہ ورانہ اور منظم افواج میں سے ایک ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ عوامی حمایت کے ساتھ مسلح افواج اور ریاستی ادارے مکمل طور پر تیار ہیں۔

وہ پاکستان کی سلامتی، وقار اور خودمختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کریں۔قومی قیادت نے روایتی یا دیگر تمام خطرات کے خلاف وطن کے دفاع کے لیے پاکستان کے دوٹوک عزم کا اعادہ کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ قومی طاقت کے دیگر تمام عناصر اور ریاستی اداروں کے تعاون سے ہر حال میں پاکستان کی سلامتی، وقار اور عزت کو برقرار رکھنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز بھی ،وفاقی وزیراطلاعات عطاءاللہ تارڑ اور ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پاک بھارت صورتحال پر سیاسی رہنماوں کوبریفنگ دی تھی۔سیاسی قیادت نے پاکستان کے خلاف بھارت کی کشیدگی کے دوران بھر پور یک جہتی کااظہارکیا تھا۔ سیاسی جماعتوں کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہیں،وفاقی وزیراطلاعات عطاءاللہ تارڑ اور ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پاک بھارت صورتحال پر سیاسی رہنماوں کو بریفنگ دیتے ہوئے دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔

ان کیمرا سیشن میں موجودہ کشیدہ حالات کے پیش نظر قومی سلامتی کے امور زیر غور آئے اور پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے تناظر میں ہونے والے سیشن میں سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی تھی۔اجلاس میں مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی،ایم کیو ایم ، جے یوآئی،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر ، بلوچستان عوامی پارٹی سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف نے پاک بھارت صورتحال پر حکومتی بریفنگ میں شرکت نہیں کی تھی۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ان کیمرہ سیشن میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے سیاسی قائدین کو حکومتی سفارتی اقدامات اور ریاستی موقف سے بھی آگاہ کیا تھا۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور خطے میں امن چاہتا ہے لیکن اگر پاکستان پر جارحیت مسلط کی جاتی ہے تو افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے سیاسی جماعتوں کے شریک رہنماوں کو پاک فوج کی تیاریوں سے آگاہ کیا تھااور کہا تھاکہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور خطے میں امن چاہتا ہے لیکن اگر پاکستان پر جارحیت مسلط کی جاتی ہے تو افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار تھی۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور خطے میں امن چاہتا تھا۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات