چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی ضلع کچھی میں کالعدم بی ایل اے کے دہشت گردوں کی سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی مذمت

منگل 6 مئی 2025 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں کالعدم بی ایل اے کے دہشت گردوں کی سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اورشہداء کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے اور ان کے بلند درجات کے لئے دعا کی ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ملک کی سالمیت اور قیام امن کے لئے دی جانے والی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بھارتی آلہ کار کالعدم تنظیمیں پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی سازشوں میں ملوث ہیں لیکن پوری قوم، افواجِ پاکستان اور تمام ریاستی ادارے ان عناصر کے خلاف متحد اور پرعزم ہیں۔