Live Updates

پاکستان کاترقی، استحکام اور مواقع فراہم کرنے کا ایجنڈا واضح ہے،وزیراعظم کے مشیربرائے نجکاری محمد علی

منگل 6 مئی 2025 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا ہے کہ پاکستان کاترقی، استحکام اور مواقع فراہم کرنے کا ایجنڈا واضح ہے، پرجوش اصلاحاتی ایجنڈے اور پرائیویٹ سیکٹر کی قیادت میں ترقی پر مربوط توجہ کے ساتھ پاکستان خود کو عالمی سرمایہ کاری کے لئے ایک واضح منزل کے طور پر سامنے لا رہا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ کے ہمراہ برطانیہ میں سٹریٹجک انویسٹمنٹ ڈرائیو کے آغاز کے موقع پر کیا۔وزیر اعظم کے مشیر پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور ملک کی عالمی اقتصادی پروفائل کی بہتری کے لئے ایک جرأت مندانہ اقدام کے تحت بین الاقوامی مالیاتی ماہرین کے ساتھ ملاقاتوں کے لئے لندن پہنچ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت نجکاری کی جانب سے منگل کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کے ہمراہ مشیر وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان کے اعلیٰ درجے کے عالمی سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لئے ایک سٹریٹجک اقدام کی عکاسی کرتا ہے۔ اپنے دورہ کے دوران وفد ٹی ٹی بی پارٹنرز، ایس ٹی جے پارٹنرز، ڈوئچے بینک، بیرنبرگ بینک اور امونڈی فنڈ گروپ سمیت معروف اداروں کے ایگزیکٹوز کے ساتھ اہم ملاقاتیں کرے گا جس کا مقصد ملک میں نجکاری کے روڈ میپ اور سٹریٹجک طویل مدتی سرمایہ کاری کے مرکز کے طور پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کو اجاگر کرنا ہے۔

اس دورے کا مرکزی نقطہ 8 مئی 2025 کو جیفریز کے زیر اہتمام پاکستان انویسٹرز ڈے میں وزیراعظم کے مشیر محمد علی کی شرکت ہو گی۔ یہ خصوصی تقریب پاکستان میں مضبوط سرمایہ کاری کے منظر نامے، جاری اقتصادی اصلاحات اور حکومت کی جانب سے شفافیت اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کے حصول کے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرنے کے لئے ایک طاقتور پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔

وزیراعظم کے مشیر محمد علی نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے اس نظریے کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم یہاں اعتماد پیدا کرنے، شراکت داری قائم کرنے اور یہ ظاہر کرنے کے لئے آئے ہیں کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے کھلا ہے جہاں ترقی، استحکام اور مواقع فراہم کرنے کا واضح ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک پرجوش اصلاحاتی ایجنڈے اور پرائیویٹ سیکٹر کی قیادت میں ترقی پر مربوط توجہ کے ساتھ پاکستان خود کو عالمی سرمائے کے لئے ایک واضح منزل کے طور پر سامنے لا رہا ہے۔ لندن کا دورہ سرمایہ کاری کے نئے ذرائع کھولنے اور پائیدار اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے میں ایک اہم قدم کی عکاسی ی کرتا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات