Live Updates

بھارت کا نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر حملہ، ڈی جی آئی ایس پی آر کی تصدیق

نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے میں نوسیری ڈیم کے سٹرکچر کو نقصان پہنچا، یہ بہت خطرناک اور ناقابل قبول عمل ہے اور بھارتی آبی جارحیت کے سنگین نتائج ہوں گے؛ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی بدھ 7 مئی 2025 10:19

بھارت کا نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر حملہ، ڈی جی آئی ایس پی آر ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی 2025ء ) بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر بھی حملہ کیا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے تصدیق کردی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ بھارت نے پاکستان میں کسی فوجی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا، افسوسناک امر یہ ہے کہ بھارت کی جانب سے نیلم جہلم پاور پروجیکٹ کو نشانہ بنایا گیا، بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے میں نوسیری ڈیم کے سٹرکچر کو نشانہ بنایا اور اسے نقصان پہنچایا ہے، ہائیڈرو سٹرکچر کو نشانہ بنانے کے کیا نتائج ہوں گے؟ اس کا کیا مطلب ہے؟ کیا عالمی اقدار اور جنگی قوانین اور روایات اس بات کی اجازت دیتی ہیں کہ آپ کسی اور ملک کے پانی کے ذخائر، ڈیمز اور ہائیڈرو پاور سٹرکچرز کو نشانہ بنائیں؟ یہ بہت خطرناک اور ناقابل قبول عمل ہے، بھارتی آبی جارحیت کے سنگین نتائج ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے حملہ کیا تو پاکستان کی فضائی حدود میں بہت سی ملکی و غیر ملکی پروازیں موجود تھیں اور ہزاروں سویلین مسافروں کی زندگیاں خطرے میں پڑگئی تھیں، اس وقت 57 غیرملکی پروازیں پاکستانی فضائی حدود میں موجود تھیں، اگر ان میں سے کوئی پرواز نشانہ بن جاتی تو اس کے نتائج کا اس احمقانہ حملے کے منصوبہ سازوں کو ادراک نہیں تھا، بھارت نے پاکستان کے خلاف جو جارحیت کی ہے، اب پاکستان کی جانب سے اس جاحیت کا بھرپور جواب دیا جارہا ہے اور دیا جاتا رہے گا، بھارت نے پاکستان پر بزدلانہ طریقے سے رات کے اندھیرے میں حملہ کیاور پاکستان کی جری قومی کو للکارا ہے، اس کی اس غلط فہمی کو یقیناً ٹھیک کردیا جائے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کہتے ہیں کہ بھارت یہ نہیں جانتا کہ پاکستان آرمی پیشہ ور فوج ہے، ہم مسلح افواج کے جوان شہادت سے اتنا ہی پیار کرتے ہیں جتنا تم موت سے ڈرتے ہو، الحمدللہ افواج پاکستان قوم کی بھرپور حمایت کے ساتھ بھارتی جارحیت کا جواب دے رہی ہے اور دے گی، کسی کو بھی پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر حملہ کرنے نہیں دی جاسکتی، اس پاک دھرتی کا دفاع اور اس پر جان دینا ہمارا نصب العین اور ہماری خوش قسمتی ہے، میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان نے صرف اپنے دفاع میں جواب دیا ہے ، یہ بھارت تھا جس بزدلانہ حملہ کیا، پاکستان اس جارحیت کا جواب دینے کا حق رکھتا ہے اور اپنی مرضی کے وقت، جگہ اور ذرائع کو مدنظر رکھ کر جواب دے گا۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات