Live Updates

بھارت نے بزدلانہ، گھٹیا کارروائی کرکے مساجد کو نشانہ بنایا، اسے سبق سکھانا ناگزیر ہے

سیاسی اختلافات بھلا کر پوری قوم متحد ہے، حکومت اور افواج پاکستان کو بھرپورحمایت کا یقین دلاتے ہیں، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا جمعہ کو ملک گیر یوم عزم منانے کا اعلان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 7 مئی 2025 20:54

بھارت نے بزدلانہ، گھٹیا کارروائی کرکے مساجد کو نشانہ بنایا، اسے سبق ..
لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 07 مئی 2025ء ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے منصورہ میں مرکزی قیادت کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کو بزدلانہ اور گھٹیا کارروائی قرار دیا ہے اور اس کے خلاف جمعہ 9 مئی کو ملک گیر یوم عزم منانے کا اعلان کیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 11مئی اتوار کو لاہور میں عظیم الشان ”پاکستان زندہ باد“ ریلی نکالی جائے گی۔

سیکرٹری جنرل امیر العظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، اظہر اقبال حسن، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری نے اجلاس میں براہ راست شرکت کی جب کہ نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی، میاں محمد اسلم، صوبائی و مرکزی قیادت آ ن لائن شریک ہوئے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ بھارت نے رات کے وقت مساجد اور سویلین آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 26 سے زائد خواتین، بچے اور نوجوان شہید جبکہ بے شمار افراد زخمی ہوئے، یہ حملہ بھارت کے ہندوتوا نظریے اور جھوٹے فالس فلیگ آپریشن کا حصہ ہے، جس کے ذریعے وہ یہ تاثر دینا چاہتا ہے کہ پاکستان کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم افواجِ پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور سویلین آبادی پر حملوں کی بجائے بھارتی جنگی طیاروں کو مار گرایا۔ پاکستانی فوج نے پانچ سے چھ بھارتی طیارے مار گرائے جن میں تین رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ پوری قوم اور جماعت اسلامی افواج پاکستان اور خصوصی طور پر پاکستان ائیرفورس کو اس جرأت مندانہ کارروائی پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے افواجِ پاکستان کے ردِعمل کو قوم کی امنگوں کا ترجمان قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج پوری قوم سیاسی اختلافات کو بھلا کر متحد ہو گئی ہے۔ انہوں نے حکومت اور افواج کو یقین دلایا کہ قوم یکجہتی کے جذبے کے تحت دشمن کے خلاف ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ امیر جماعت نے الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو متحرک کریں اور جہاں بھی ممکن ہو عوام کی خدمت کے لیے سہولیات فوری فعال کریں۔

انھوں نے کارکنان کو ہدایات جاری کیں کہ وہ الخدمت کے پلیٹ فارم سے قومی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قوم میں جہاد کا جذبہ بیدار کرے کیونکہ یہ اللہ کا حکم ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے پہل نہیں کی، حملہ بھارت کی جانب سے تھا اور اس کا جواب دینا اور بھارت کو سبق سکھانا ناگزیر ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا سپاہی دین اور وطن کی حفاظت کے لیے ایمانی جذبہ سے لڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کو پہچانا جائے جو اس نازک وقت میں دشمن کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے انتشار پھیلائیں اور قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کریں۔ انھوں نے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کرے اور ایک مضبوطی اور یکجہتی سے آگے بڑھے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات