Live Updates

بھارت کی جانب سے حملے کاپہلے ہی خدشہ تھا،شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے، عطاء اللہ تارڑ

پاکستان نے جارحیت میں کبھی پہل نہیں کی لیکن اپنے دفاع کیلئے جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے، بھارتی حملوں میں خواتین اور بچے جاں بحق ہوئے، وفاقی وزیر اطلاعات کی عالمی نشریاتی اداروں سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 7 مئی 2025 10:29

بھارت کی جانب سے حملے کاپہلے ہی خدشہ تھا،شہری آبادی کو نشانہ بنانا ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 مئی 2025) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے حملے کاپہلے ہی خدشہ تھا،شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے، پاکستان نے جارحیت میں کبھی پہل نہیں کی لیکن اپنے دفاع کیلئے جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے،عالمی نشریاتی اداروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے 5 مقامات پر حملہ کیا۔

بھارتی حملوں میں خواتین اور بچے جاں بحق ہوئے۔ نقصان کاجائزہ لیا جا رہا ہے ۔بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے اور قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ کا کہنا تھا پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ ہے۔

ہم اپنے مغربی علاقوں اور سرحدوں پر دہشت گردوں سے لڑ رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے 90 ہزار جانیں قربان کیں۔جعفر ایکسپریس واقعہ ہوا تو بھارت نے اس کی مذمت تک نہیں کی۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف دہشت گردی میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں، کلبھوشن یادیو بھارت کا نیول آفیسر ہے جو دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھا،کلبھوشن پاکستان کے پاس بھارت کے خلاف ایک ٹھوس ثبوت ہے۔

خیال رہے کہ ا س سے قبل بھارت نے رات کے اندھیرے میں معصوم پاکستانیوں کو بزدلانہ حملے میں نشانہ بنایا تھا۔پاکستان کی جانب سے بھارت کے بزدلانہ حملے کے منہ توڑ جواب کے بعد بھارت نے بلاآخر سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی۔بھارت کے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملے کے بعد پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کی تھی جس کے نتیجے میں بھارت کے 5 طیارے مار گرائے اور بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کردیاتھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل احمد شریف چوہدری کاکہنا تھاکہ بھارت نے اپنی فضائی حدود سے بہاولپور، کوٹلی، مظفرآباد میں میزائل داغے ہیں اور بلااشتعال بزدلانہ حملہ کیا تھا جبکہ پاک فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 5 جہاز مار گرائے تھے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق مار گرائے گئے طیاروں میں 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایس یو 30 شامل تھے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے بھارت کا ایک اور رافیل طیارہ مار گرایا۔ ایوانتی پورا کے جنوب مغرب میں 17 ناٹیکل میل میں بھارت کا رافیل طیارہ مار گرایا گیا تھا۔ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ہماری فضائیہ کے جہاز ہمہ وقت تیار تھی۔بھارت نے بزدلانہ حملہ کیا ہے، جو بلااشتعال اور شرم ناک حملہ ہے اور یہ اپنی فضائی حدود کے اندر سے کیا تھا۔

Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات