Live Updates

نیلم جہلم ہائیڈرو پروجیکٹ پر بھارتی گولہ باری کی تفصیل جاری کردی گئی

بھارتی حملے سے ڈی سینڈرز یونٹ میں واقع انٹیک گیٹس کو نقصان پہنچا، ہائیڈرولک سسٹم کے ایک ہائیڈرولک پروٹیکشن یونٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا؛ سکیورٹی ذرائع

Sajid Ali ساجد علی بدھ 7 مئی 2025 11:05

نیلم جہلم ہائیڈرو پروجیکٹ پر بھارتی گولہ باری کی تفصیل جاری کردی گئی
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی 2025ء ) نیلم جہلم ہائیڈرو پروجیکٹ پر حملے کے دوران ہونے والی بھارتی گولہ باری کی تفصیل جاری کردی گئی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کے بزدلانہ حملہ کے دوران پاکستان کے آبی ذخائر پر بدترین جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیلم جہلم ہائیڈرو پروجیکٹ پر بھارت کی جانب سے گولہ باری کی گئی، نوسیری ڈیم دریائے نیلم پر واقع انٹیک سٹرکچر کو گزشتہ شب 2 بجے نشانہ بنایا گیا، بھارتی گولہ باری سے ڈی سینڈرز یونٹ میں واقع انٹیک گیٹس کو نقصان پہنچا، ہائیڈرولک سسٹم کے ایک ہائیڈرولک پروٹیکشن یونٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا، حملے میں ایک ایمبولینس کو بھی نقصان پہنچا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے آبی ذخائر پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی، ہے، آبی ذخائر جیسے حساس مقامات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ ہائیڈروپراجیکٹ کو نشانہ بنانا ناقابل قبول اور خطرناک ہے، بھارتی آبی جارحیت کے سنگین نتائج ہوں گے، بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جارہاہے، بھارت کی غلط فہمی کو ٹھیک کردیا جائے گا، پاکستان صرف ملکی دفاع میں دشمن کو منہ توڑ جواب دے گا، پاک فوج پوری قوم کی حمایت کے ساتھ جارحیت کا جواب دیتی رہے گی، بھارت نے رات کے اندھیرے میں حملہ کیا اور پاکستان کی جری قوم کو للکارا ہے، اُس کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، جس کے لیے یہ واضح کر دوں وقت اور جگہ کا تعین ہم کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بھارت نے 6 مقامات پر 24 حملے کیے جن میں اب تک 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوہئے ہیں، لائن آف کنٹرول پر انڈین جارحیت سے 5 شہید ہو گئے، احمد پور شرقیہ میں 13 شہادتیں ہوئیں، مظفر آباد میں 3، کوٹلی میں 2، مریدکے میں 3 شہری شہید ہوئے، احمد پورشرقیہ میں مسجد سبحان پر 4 حملے کیے گئے، مسجد سبحان پر حملے میں بچی سمیت 13 شہری شہید اور 31 زخمی ہوئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر بتاتے ہیں کہ مظفرآباد میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا، حملے میں 3 شہید، بچی زخمی اور مسجد شہید ہوگئی، کوٹلی میں مسجد عباس پر حملہ کیا گیا، حملے میں 16 سالہ لڑکی اور بچہ شہید ہوا، مریدکے میں مسجد پرحملہ ہوا جس میں ایک شہید، ایک زخمی اور 2 لاپتا ہوئے، سیالکوٹ میں گاؤں پر 2 گولے گرے، جس میں کوئی نقصان نہیں ہوا، شکرگڑھ پر 2 حملے ہوئے، ڈسپنری کو معمولی نقصان پہنچا، بھارت نے معصوم اور بے گناہ افراد کو نشانہ بنایا، عالمی میڈیا کو ان جگہوں کا دورہ کرایا جائے گا۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات